امریکا میں ایک اور بھیانک دن، مجموعی ہلاکتیں 28 ہزار سے تجاوز کر گئیں


امریکا میں کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت خیز دن کے بعد مجموعی ہلاکتیں 28 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 408  افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ ریاست نیویارک میں اموات کی تعداد 10 ہزار 800 سے زیادہ ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں اب تک 6 لاکھ 14 ہزار 246 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جو دنیا کے کسی بھی ملک سے تین گنا زیادہ تعداد ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں کی اموات میں مسلسل اضافے کے بعد ملک میں اس بات پر بحث چھڑ گئی ہے کہ ان حالات میں کیسے معیشت کو دوبارہ سے بحال کیا جائے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے 12 اپریل سے قبل ملکی معیشت کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا معیشت بند کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن اب انہوں نے کاروبار دوبارہ کھولنے کے لیے یکم مئی کا اشارہ دیا ہے۔

دوسری جانب امریکا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفکشیس ڈیزیزس کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ پابندیاں اٹھانے سے قبل ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ طبی عملہ فوری طور پر کورونا ٹیسٹ کرنے کے قابل ہو، نئے مریضوں کی نشاندہی کر کے انہیں آئسولیٹ کر سکے ۔


اپنا تبصرہ لکھیں