امریکا، ہیوسٹن اور ڈیلس میں یوم عاشور کے جلوس برآمد

امریکا، ہیوسٹن اور ڈیلس میں یوم عاشور کے جلوس برآمد


دنیا بھر کی طرح امریکا کی ریاست ٹیکساس کے دو بڑے شہروں ہیوسٹن اور ڈیلس کے ڈاؤن ٹاؤن میں نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کی یاد میں یومِ عاشور کے جلوس برآمد کیے گئے۔

ہیوسٹن میں انجمن پاسبان عزا کے زیر اہتمام عاشورہ کا جلوس ہیوسٹن کے ڈاون ٹاؤن سے برآمد ہوا اور سٹی ہال پر اختتام پذیر ہوا جلوس کے موقع پر مجلس عزا برپا کی گئی، عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کے ذریعہ شہدائے کربلا کو پرسا دیا۔

اس موقع پر ہیوسٹن کی مرکزی امام بارگاہ الامرتضحیٰ کے سربراہ احسن زیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 سال سے ہیوسٹن میں عاشورہ کا جلوس برآمد کیا جاتا ہے جس کا مقصد آنے والی نسل میں پیغام حسینؓ کا فروغ ہے۔

دوسری جانب ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں جان ایف کینڈی میموریل کے سامنے انجمن سرکار وفا کی جانب سے عاشورہ کا جلوس برآمد کیا گیا جسکی قیادت علی رضوی نے کی۔

جلوس میں مومن سینڑ، علم سینٹر اور در حسین سے عزادارانِ حسینؓ بشمول خواتین بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، عزاداروں کو تعزیہ، علم اور تابوت کی زیارت بھی کرائی گئی۔

جلوس کے دوران علمائے اکرام علامہ مولانا مہندی عابدی، مولانا محسن زیدی، مولانا منظور رضا عابدی نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

نوحہ خوانوں نے اپنے نوحوں کے ذریعہ سوز و سلام پیش کیا اور صف ماتم میں عزادارن حسینؓ نے شہدائے کربلا کو ماتم اور سینہ کوبی کے ذریعہ ان سے محبت کا اظہار کیا اور پرسہ دیا۔

عزاداروں کا کہنا تھا کہ کربلا میں علیؓ کے گھرانے نے یزید کی بیعت نہ کرکے نہ صرف دین کا تحفظ کیا بلکہ حق کے لیے ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور حق کے لیے لڑنے اور اسکے لیے قربان ہوجانے کا بھی پیغام دیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں