بالی ووڈ کے ہدایت کار امتیاز علی نے مقبول فلم ’جب وی میٹ‘ سے متعلق بُری خبر سنادی، انہوں نے فلم کے سیکوئل سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امتیاز علی نے ’جب وی میٹ 2‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان خبروں کی اشاعت سے قبل ان سے تصدیق نہیں کی گئی، انہیں بھی اس حوالے سے میڈیا کے ذریعے علم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال نہ ہی ان کے پاس اس فلم کی کہانی موجود ہے اور نہ ہی وہ اس فلم کے سیکوئل پر کام کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’جب وی میٹ 2‘ سے متعلق افواہوں نے اس وقت جنم لیا جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک صارف نے فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار شاہد کپور سے سوال کیا کہ ’آپ کو اور امتیاز علی کو ایک ساتھ دیکھا گیا ہے، کیا کوئی نیا پروجیکٹ آنے والا ہے؟‘
صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہد کپور نے کہا کہ ’اسمارٹ بوائے‘۔
2007 میں ریلیز ہونے والی اور امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بننے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’جب وی میٹ‘ کی کہانی ہدایتکار نے خود لکھی تھی۔
اس فلم میں کرینہ کپور اور شاہد کپور نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔