وفاقی کابینہ نے الیکشن 2024 کی سیکیورٹی کے لیے فوج کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج حساس علاقوں میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
یاد رہے کہ آج ہی عام انتخابات 2024 میں فوج کی تعیناتی کی سمری وزارت داخلہ نے نگران وفاقی کابینہ کو بھجوا دی تھی، نگران وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد فوج تعینات کی جائے گی۔
خیال رہے کہ دسمبر کے اوائل میں عام انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن پر فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھا تھا۔
6 دسمبر کو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ عام انتخابات کے لیے جن سیاستدانوں نے سیکیورٹی مسائل پر بات کی ہے، انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ آیا تو غور کریں گے۔
28 دسمبر کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی۔