الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر کے معاملے وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کا الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پر اتفاق ہوگیا ہے ۔
یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان اور سندھ کے لیے دو ممبران کے تقرر کی منظوری دی تھی تاہم چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے دونوں ممبران سے حلف لینے سے معذرت کر لی تھی۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے طریقہ کار کو غلط قرار دیا گیا تھا جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبران الیکشن کمیشن کی تقرری کے لیے جاری ہونے والے صدارتی آرڈیننس کو معطل کر دیا تھا۔
وفاقی وزیر شیریں مزاری کے مطابق ناموں پر اتفاق ہو گیا ہے لیکن اپوزیشن نے قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کل دو بجے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور ارکان کے ناموں کا اعلان کل کردیاجائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی سے متعلق فیصلہ ہو جائے گا، الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں ہے، حکومت اور اپوزیشن دونوں تعاون کرنا چاہتی ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کی تعداد برابر ہے، کمیٹی جائزہ لے رہی ہے لیکن ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سے الیکشن کمیشن رکن کے نام پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے ۔