اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی ایک درخواست میں حالیہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر کامیاب ہونے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کردی ہے۔
مذکورہ پٹیشن سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کی لیک آڈیو، جس میں وہ پی ٹی آئی کے 4 اراکین اسمبلی کے ساتھ سینیٹ الیکشن میں ووٹ پر بھاؤ تاؤ کررہے ہیں، اور علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کی بنیاد پر دائر کی گئی جس میں وہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کی تکنیک بتارہے ہیں۔
پی ٹی آئی اراکین اسمبلی فرخ حبیب، ملیکہ بخاری اور کنول شوذیب کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا کہ ویڈیو اسکینڈل پر کارروائی کے مکمل ہونے تک یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے اجرا کو روکنا چاہیے۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ ویڈیو میں ‘علی حیدر گیلانی قومی اسمبلی کے اراکین کے ساتھ مسلسل بھاؤ تاؤ کررہے تھے’، ساتھ ہی یہ بھی الزام عائد کیا گیا مریم نواز نے اپنی تقریر میں ان اراکین اسمبلی کو عام انتخابات میں ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا تھا جو یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیں گے۔
ساتھ ہی پی ٹی آئی رہنماؤں نے پنجاب اسمبلی سے علی حیدر گیلانی کی نااہلی کی درخواست بھی دائر کی۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز اپوزیشن کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر شکست دے دی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ یوسف رضا گیلانی ممکنہ طور پر اپوزیشن کی جانب سے صادق سنجرانی کی جگہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن سے ایک رات قبل رہنما پیپلز پارٹی کے بیٹے علی گیلانی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کے چند اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتارہے تھے جس کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث کا آغاز ہوگیا تھا۔
مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر فوراً ہی وائرل ہوگئی تھی جس کے چند گھنٹوں بعد علی گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویڈیو کے اصل ہونے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا اور ان کا ضمیر صاف ہے۔
مذکورہ ویڈیو پر یوسف رضا گیلانی نے اپنے بیٹے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر رکن سے ووٹ مانگنا ان کا جمہوری حق ہے اور حکمراں جماعت کو اپنے اراکین کا خود خیال رکھنا چاہیے۔
بعدازاں علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی ویجیلنس کمیٹی نے نوٹس لے کر تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب اور کنول شوذیب کی جانب سے ویڈیو معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق وزیراعظم اور سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کردی گئی تھی۔