’اللہ کے سامنے پیش ہوتے وقت خوفزدہ نہیں ہونا چاہتی‘


پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ کبریٰ خان نے اپنی زندگی کے روحانی سفر کے بارے میں بتا دیا۔

اداکارہ کبریٰ خان جو کہ متعدد ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، انہوں نے حال ہی میں بی بی سی ایشین ٹی وی ایک انٹرویو دیا ہے۔

کبریٰ خان نے انٹرویو میں اپنی زندگی کے روحانی سفر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ان کی زندگی میں چند وجوہات کی بناء پر بے شمار تبدیلیاں آئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ہر کسی کی زندگی میں کبھی نا کبھی ایک ایسا وقت ضرور آتا ہے جب تمام چیزیں 180 ڈگری کے زاویے سے گھوم جاتی ہیں اور میرے اوپر  یہ وقت گزشتہ سال آیا۔

فوٹو: بشکریہ کبریٰ خان انسٹاگرام

کبریٰ خان نے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں آج جہاں ہوں اور جس طرح کی انسان ہوں، اس سے مطمئن ہوں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے میں آج بھی پوری کوشش کرتی ہوں کہ ایک بہتر انسان بن سکوں لیکن میں آج پہلے کی نسبت زیادہ مطمئن اور زیادہ پُرسکون ہوں۔

کبریٰ خان نے بتایا کہ جب گزشتہ برس زندگی میں تبدیلیاں آنا شروع ہوئیں تو میں نے اپنے کام اور سماجی زندگی سے تھوڑا سا وقفہ لیا۔

فوٹو: بشکریہ کبریٰ خان انسٹاگرام

کبریٰ خان نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ میرے لیے ایک اچھا انسان بننا تمام چیزوں سے بڑھ کر ہے۔

اداکارہ نے اپنی زندگی کے روحانی سفر کی بات کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے سال میرے اندر روحانیت بیدار ہوئی جہاں پیسہ، مادیت پسند چیزیں اور شہرت جو کہ زندگی کا حصہ ہیں لیکن میں ان سب چیزوں کو اپنے ساتھ کہیں نہیں لے جا سکتی، اور یہ ایوارڈز اللہ کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں مرتے وقت اور اللہ کے سامنے پیش ہوتے وقت خوفزدہ نہیں ہونا چاہتی۔

فوٹو: فائل

جیوٹی پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل الف میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی کبریٰ خان نے کہا کہ الف ڈرامہ اللہ کی طرف سے تھا، جب مجھے الف ڈرامہ کی پیشکش ہوئی تھی تو میں اس وقت زندگی میں کسی اچھی جگہ نہیں تھی بلکہ تاریکی میں ڈوبی ہوئی تھی۔

اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ کیا  آپ بھی شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کی خواہشمند ہیں جس کے جواب میں کبریٰ خان نے کہا کہ اگر میں اپنی زندگی اور کیریئر میں توازن قائم رکھ سکی تو میں انڈسٹری نہیں چھوڑوں گی۔

لیکن اگر میں ایسا کرنے میں نا کام ہوگئی تو شاید میں انڈسٹری چھوڑ کر کسی اور جگہ چلی جاؤں۔

واضح رہے کہ اداکارہ کبریٰ خان جوانی پھر نہیں آنی 2، جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل الف، الف اللہ اور انسان جیسے متعدد ڈرامہ سیریل میں اداکاری کر چکی ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران پاکستان کی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات اسلام کی جانب مائل ہو کر یا تو شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر چکی ہیں یا پھر انہوں نے انڈسٹری سے کچھ وقفہ لے لیا ہے، ان میں اداکار حمزہ علی عباسی اور یشمہ گل سرفہرست ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں