وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ دنیا میں کورونا سے نبردآزما ہونے کیلئے 10 نکاتی پلان عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نےاقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے 10 نکاتی ایجنڈہ پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں شبلی فراز نے کہا کہ غریب ممالک کیلئے پانچ سو ارب ڈالرکے فنڈ کا قیام، غریب ممالک کے قرض کی معافی، کرپٹ سیاستدانوں اور مجرموں سے لوٹی دولت کی واپسی کے لیے وزیراعظم کا واشگاف اظہار درحقیقت غریب کی آواز ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ہر کورونا متاثرہ ملک کے لیے مساوی ویکسین کی فراہمی کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر میں پاکستان کی کامیاب حکمت عملی آج دنیا کے لیے باعث تقلید ہے۔