اقرا عزیز اور یاسر حسین شادی کے بندھن میں بندھ گئے


پاکستان کی نامور اداکارہ اقرا عزیز اور اداکار یاسر حسین نے شادی کر کے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔

ان دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز رواں ماہ 25 تاریخ سے مایوں کی رسم کے ساتھ ہوا۔

جس کے بعد ان کی مہندی کی تقریب بھی شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

اقرا عزیز نے اپنے مایوں اور مہندی میں زرد رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا اور مداح یہ دیکھنے کے لیے بےتاب تھے کہ اداکارہ اپنی بارات میں کس طرح تیار ہونے جارہی ہیں۔

اور اب اقرا اور یاسر کی بارات کی تقریب کی ویڈیو اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آگئیں۔

اقرا عزیز نے اپنی بارات میں سرخ رنگ کا لہنگا زیب تن کیا جس پر سرخ رنگ سے ہی خوبصورت کام کیا گیا۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

دوسری جانب یاسر حسین نے سنہرے رنگ کی شیروانی زیب تن کی۔

اقرا عزیز نے اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ہمراہ بارات میں انٹری کی۔

جبکہ یاسر حسین اس موقع پر پھولوں کا سہرا پہنے نظر آئے۔

ان کے نکاح کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

ویڈیو میں نکاح خواں حق مہر کی رقم کا اعلان بھی کرتے سنائی دیے۔

اقرا عزیز کو حق مہر میں 4 تولہ سونا ادا کیا جائے گا، جس کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔

یاسر اپنی دلہن کا ہاتھ پکڑ کر انہیں اسٹیج تک لائے۔

اقرا عزیز کو ان کی شادی پر میک اپ آرٹسٹ وقار حسین نے تیار کیا۔

اداکارہ کا یہ خوبصورت عروسی جوڑا ڈیزائنر نومی انصاری نے تیار کیا، جبکہ وہ اس موقع پر سونے کا زیور پہنے نظر آئیں۔

کئی مداحوں کا ماننا ہے کہ اقرا عزیز نے بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شادی کے لک سے متاثر ہوکر یہ انداز اپنایا۔

بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا لہنگا ڈیزائنر سبیاسچی نے تیار کی — فوٹو: انسٹاگرام
بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا لہنگا ڈیزائنر سبیاسچی نے تیار کی — فوٹو: انسٹاگرام

یاد رہے کہ یاسر حسین نے رواں سال اقرا عزیز کو لکس اسٹائل ایوارڈ کے دوران شادی کی پیشکش کی تھی۔

اداکار نے ایوارڈ شو میں اقرا عزیز کو سب کے سامنے انگوٹھی پہنائی جبکہ ان کے گال پر بوسہ بھی دیا تھا۔

اس کے بعد ان دونوں نے متعدد انٹرویوز کے ذریعے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ یہ دونوں جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

رواں ماہ ان دونوں کی شادی کا کارڈ بھی منظر عام پر آیا تھا، جس کے بعد اداکاروں کی شادی کی تقریبات کا آغاز 25 دسمبر سے ہوا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں