اقبال حسین اور میں اپنے پچھلے رشتوں سے متعلق کوئی بات نہیں کرنا چاہتے: بشریٰ انصاری

اقبال حسین اور میں اپنے پچھلے رشتوں سے متعلق کوئی بات نہیں کرنا چاہتے: بشریٰ انصاری


پاکستانی معروف سینئر اداکارہ، گلوکارہ، پروڈیوسر و ڈرامہ نگار بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ وہ اور اُن کے شوہر اقبال حسین اپنے پرانے رشتوں سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتے۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی دوسری شادی اور عمر پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا۔

انہوں نے اپنے حالیہ وی لاگ میں دیسی گھی میں پالک گوشت بناتے ہوئے ناصرف اپنی باتوں سے مداحوں کو محظوظ کیا ہے بلکہ بے جاہ تنقید پر غصے کا بھی اظہار کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ کوئی بھی اپنی شادی خوشی سے نہیں توڑتا، بہت سے مسئلے مسائل آپ کو یہ فیصلہ لینے پر مجبور کرتے ہیں، اس میں یہ بات بھی نہیں کہ کوئی اچھا تھا تو کوئی برا تھا بس کچھ لوگ مختلف ہوتے ہیں اور آپس میں ایک ساتھ رہ نہیں پاتے۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ میں نے اور اقبال حسین نے بہت سوچ سمجھ کر رشتہ قائم کیا تھا، اب ہم اپنے پرانے رشتوں سے متعلق کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔

بشریٰ انصاری نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں اپنے دوسرے شوہر اقبال حسین اور اپنے تعلقات و شادی سے متعلق مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی کو چند سال گزر چکے ہیں، یہ شادی انہوں نے ابھی نہیں کی ہے جس پر لوگ اب اُنہیں مبارک بادیں دے رہے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اُن کی اور اُن کے دوسرے شوہر کی عمر میں فرق پر بہت بات کی جا رہی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کی عمروں میں فرق ہے مگر عمروں میں فرق سے اُنہیں اور اُن کے شوہر کو کوئی فرق نہیں پڑتا ہے، جو چیز ہو گئی سو ہو گئی۔

سینئر اداکارہ کا بتانا تھا کہ اِن کے شوہر اقبال حسین زیادہ تر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہتے ہیں اور حالیہ دنوں میں وہ ان کے پاس آئے ہوئے ہیں، اسی لیے اُنہوں نے اپنے شوہر کو بھی ہوٹیوب پر متعارف کروادیا۔

اداکارہ نے اپنے وی لاگ میں انکشاف کیا کہ اِن کے اپنے دوسرے شوہر کے بچوں سے اچھے تعلقات ہیں۔

بشریٰ انصاری نے بتایا ہے کہ اِن کے شوہر کے بچے اِن کے نواسوں کے ساتھ ہی پڑھتے ہیں جن کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔

یاد رہے کہ بشریٰ انصاری کی اقبال حسین سے شادی کی افواہیں تین سال قبل سامنے آئی تھیں۔

گزشتہ دنوں بشریٰ انصاری نے اپنے دوسرے شوہر اقبال حسین کے ساتھ پہلی بار یوٹیوب پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنی دوسری شادی کا باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے اپنی دوسری شادی کا 2023ء میں ایک انٹرویو کے دوران پہلی بار اعتراف کیا تھا، اس انٹرویو نے انہوں نے اپنے شوہر سے متعلق بات نہیں کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں