افغان طالبان کے حملے میں الیکشن کمیشن کے 8 ملازمین ہلاک


جنوبی افغانستان میں طالبان کے ایک حملے میں الیکشن کمیشن کے کم از کم 8 ملازمین ہلاک ہوگئے۔

افغانستان کے خودمختار الیکشن کمیشن ( آئی ای سی ) کے ترجمان ذبیع اللہ سادات نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ طالبان نے جنوبی قندھار صوبہ میں گزشتہ رات ضلع معروف میں واقع الیکشن آفس پر حملے کیلئے دھماکہ خیز مودا سے بھری گاڑیوں کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کمیشن کے 8 ملازمین جو ضلع میں ووٹرز کی رجسٹریشن کیلئے سرکاری دفاتر کے اندر موجود تھے، ہلاک ہوگئے ہیں۔

قندھار پولیس کے ترجمان قاسم افغان نے کہا کہ حملے میں بعض سیکورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

افغان طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ خیال رہے کہ افغانستان کے دومرتبہ التواء کا شکار ہونے والے صدارتی انتخابات اب 28 ستمبر کو ہورہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا طالبان کے ساتھ امن معاہدے کیلئے مذاکرات کی کوشش کررہا ہے۔ ہفتے کے روز واشنگٹن اور طالبان کے درمیان دوحا میں امریکا کی طویل جنگ کے خاتمے کے پیش نظر مذاکرات کا تازہ دور شروع ہوا ہے۔

طالبان نے ہفتہ کے روز شمالی افغانستان میں ایک حملے میں بھی 25 کے قریب حکومت نواز ملیشیا اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں