افغانستان کا آسٹریلیا کو ہرانے کے بعد ‘چیمپئن’ گانے پر ڈانس کرتے ہوئے جشن

افغانستان کا آسٹریلیا کو ہرانے کے بعد ‘چیمپئن’ گانے پر ڈانس کرتے ہوئے جشن


افغانستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپرایٹ مرحلے میں آسٹریلیا کو 21 رنز سے اپ سیٹ شکست دے دی، فتح کے بعد افغان ٹیم نے ڈیون براوو کے مشہور گانے چیمپئن پر ڈانس کرکے جشن منایا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں  پر 148رنز بنائے۔ رحمان اللّٰہ گُربز 60 اور ابراہیم زدران نے 51 رنز کی اننگز کھیلی، پیٹ کمنز نے ہیٹ ٹرک بنائی۔

ٹیم  افغانستان نے 149 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کو 127 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ گلبدین نائب نے چار اور نوین الحق نے تین شکار کیے، گلین میکسویل نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی ٹیم کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے اپنے اگلے میچ میں بھارت کو لازمی ہرانا ہوگا۔

واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم نے آسٹریلیا کو ہرا کر 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کی شکست کا بدلہ لے لیا، جب گلین میکسویل نے اپنی تاریخی ڈبل سنچری کی بدولت افغانستان کے منہ سے فتح کو چھین لیا تھا۔

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں بھی گلین میکسویل دوبارہ افغانستان کےلیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہونا چاہ رہے تھے مگر  گلبدین نائب کی تباہ کن بولنگ نے افغانستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔

آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد افغانستان کی ٹیم نے اسپیشل انداز میں جیت کا جشن منایا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  افغان ٹیم کے کھلاڑی  اپنی ٹیم کے بولنگ کوچ ڈیون براوو کے مشہور گانے چیمپئن پر ڈانس کررہے ہیں، جس میں افغانستان کے کپتان راشد خان اور فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں