افغانستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور داغ کر آسٹریلیا کا ریکارڈ توڑ دیا


دہرا دن: افغانستان ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف محدود اوورز کی طرز کی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور داغ کر آسٹریلیا کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بھارت کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں افغان بلے بازوں نے ٹی ٹوئنٹی کے کئی ریکارڈ پاش پاش کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 278 رنز بنائے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب تک یہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف 2016 میں تین وکٹوں پر 263 رنز بنائے تھے۔

افغانستان اور آئرلینڈ کے خلاف اس میچ میں نہ صرف سب سے زیادہ اسکور بنانے کا ریکارڈ قائم ہوا بلکہ کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے طویل پارٹنرشپ کا بھی ریکارڈ قائم ہوا۔

افغان اوپنر حضرت اللہ زازئی اور عثمان غنی کے درمیان پہلی وکٹ پر 236 رنز کی شراکت قائم ہوئی، عثمان غنی 48 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں تین چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں۔

حضرت اللہ نے 16 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر 162 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کی بیٹنگ میں سب سے نمایاں حضرت اللہ کی 162 رنز ناٹ آؤٹ اننگز ہے، جس نے تماشائیوں کو خوب محظوظ کیا۔

انہوں نے 16 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر 162 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے زمبابوے کے خلاف گزشتہ سال 172 رنز بنائے تھے۔

حضرت اللہ زازئی نے ایک اننگز میں 16 چھکے لگا کر سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ہی ایرون فنچ کے پاس تھا جنہوں نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف 14 چھکے لگائے۔

حضرت اللہ زازئی نے 44 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جس میں تیز ترین ففٹی اور ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانا بھی شامل ہے۔

افغانستان نے اس میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا وہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 194 رنز بناسکی، اس طرح افغانستان نے 84 رنز سے میچ اپنے نام کیا۔

آئرلینڈ کی جانب سے کپتان پال اسٹرلنگ 91 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ کیون اوبرین 37، شین گیٹ کیٹ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے بہترین کارکردگی پیش کرنے پر حضرت اللہ زازئی کو ‘مین آف دی میچ’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز کی سیریز میں افغانستان کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں