افغانستان کے صوبے ہلمند میں طالبان نے فوجی بیس پر حملہ کر کے 10 فوجیوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔
افغان میڈیا کے مطابق دھماکا ہلمند کے ضلع سنگین میں ملٹری بیس پر کیا گیا۔
افغان آرمی کی 215 میوند کمانڈ کے ترجمان نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ افغان طالبان نے ملٹری بیس کے نیچے ایک سرنگ کھودی اور پھر حملہ آوروں کے کمپاؤنڈ میں داخل ہونے سے پہلے اس سرنگ کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا۔
صوبائی پولیس ترجمان نے بھی دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوجیوں کی ہلاکتیں ملٹری بیس کے اندر ہوئی ہیں۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے ملٹری بیس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملہ ان کے جنگجوؤں نے کیا۔