افطار کے دسترخوان کی شان پیاز، آلو، پالک یا مرچ کے پکوڑے ہوتے ہیں اور ہر گھر میں عموماً یہ روز بنتے ہیں ایسے میں آج ان پکوڑوں میں کچھ مزید ورائٹی کا انتخاب کریں اور دسترخوان کو مرچ پکوڑوں کے بجائے ’ریپڈ چلی بائٹس‘ سے سجائیں۔
اجزاء:
میدہ ڈھائی کپ
نمک آدھے چائے کا چمچ
اجوائن ڈیڑھ چائے کا چمچ
گھی تین کھانے کے چمچ
پانی حسب ضرورت
فلنگ اجزاء:
آلو 2 درمیانے ابلے ہوئے
اچار گوشت مصالحہ 1 کھانے کا چمچ
لیمو کا رس آدھے کھانے کے چمچ
ہرا دھنیہ باریک کٹا ہوا 1 کھانے کا چمچ
بڑی ہری مرچ 6 سے 8 عدد
انڈہ 1 عدد پھینٹا ہوا
تیل 1 کپ تلنے کے لیے یا ضرورت کے مطابق
ترکیب:
سب سے پہلے ایک برتن میں میدہ، نمک، اجوائن ڈال کر مکس کرلیں پھر اس میں گھی شامل کر کے مکس کریں جیسے چورہ ہوجائے۔
پھر آہستہ آہستہ اس میں پانی ڈال کر گوندھیں جب تک ڈوھ (آٹے جیسی) کی شکل اختیار نہ ہوجائے۔ اس کے بعد تیار شدہ ڈوھ کو ایک گیلے کپڑے میں لپیٹ کر 15 منٹ تک رکھ دیں۔
ایک دوسرے برتن میں ابلے ہوئے آلو، اچار گوشت مصالحہ، لیمو کا رس اور دھنیہ ڈال کر اچھی طرح میش کرلیں، پھر ہری مرچوں کو درمیان سے کٹ لگا کر آلو والا آمیزہ بھریں اور کچھ دیر رکھ دیں۔
پھر تیار کی ہوئی ڈوھ کو دو حصوں میں برابر تقسیم کریں جس میں سے ایک ڈوھ کا پیڑہ بنا کر اسے گول بیلیں، پھر ایک چھری یا کٹر کی مدد سے اس کی لمبی پٹیاں کاٹ دیں۔
مصالحہ بھری ہری مرچوں کو ان پٹیوں میں لپیٹیں، مرچ پر ہلکا پانی لگاتے جائیں اور پٹی سے لپیٹتے جائیں۔
ڈوھ کی پٹیوں میں مرچوں کو لپیٹ کر 15 منٹ فریزر میں رکھ دیں جس کے بعد تیل میں بائٹس کو سُنہری ہونے تک فرائے کریں۔
مزیدار ریپڈ چلی بائٹس تیار ہیں اب اسے اپنے افطار کے دسترخوان کی زینت بنائیں اور ذائقے سے لطف اٹھائیں۔