رمضان میں افطاری سموسوں اور رولز کے بغیر مکمل نہیں، لیکن ہر مرتبہ ایک ہی طرح کے پکوان کھا کر یقیناً بیزاری محسوس ہونے لگتی ہے۔
ایسے میں اگر کچھ نئے انداز کے رولز گھر والوں کے سامنے پیش کیے جائیں تو یقیناً یہ انہیں بے حد پسند آئیں گے۔
پاستا یا لزانیا کھانے کے شوقین بڑوں سے زیادہ بچے ہوتے ہیں لیکن ہر مرتبہ ایک ہی انداز کی ڈش تیار کرنا ضروری نہیں۔
اس مرتبہ رمضان میں افطار کے موقع پر اپنے گھر والوں کے سامنے لزانیا کو نہایت منفرد انداز میں پیش کریں، جسے کھا کر گھر والے بار بار اس کی فرمائش کرنے پر مجبور ہوجائیں۔
یہاں لزانیا رولز بنانے کی مزیدار ترکیب بتائی جارہی ہے، یہ ترکیب نہایت آسان ہے جسے گھر پر کبھی بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔
لزانیا ابالنے کے لیے
پانی میں ½ کھانے کا چمچ نمک اور ایک کھانے کا چمچ تیل شامل کریں، ابال آنے پر لزانیا ڈال کر 5 منٹ تک ابال کر الگ سے ٹھنڈے پانی میں 5 منٹ کے لیے ڈالیں پھر نکال کر الگ رکھ لیں۔
ریڈ ساس بنانے کے لیے
ریڈ ساس بنانے کے لیے ایک پتیلی میں 2 سے 3 کھانے کے چمچ تیل ڈالیں، تیل گرم ہونے پر اس میں ایک باریک کٹی ہوئی بڑی پیاز شامل کریں اور سنہری ہونے تک فرائی کریں، بعدازاں ایک کھانے کا چمچ کٹا ہوا لہسن ملائیں، ½ کلو چکن کا قیمہ شامل کریں، کٹی لال مرچ حسب ذائقہ، کالی مرچ پاؤڈر ایک سے ½ چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ایک چائے کا چمچ اوریگانو اور ایک چائے کا چمچ چکن پاؤڈر شامل کرکے اچھی طرح ملائیں۔
بعدازاں اس میں 2 کپ ٹماٹر کا پیسٹ شامل کریں اور 4 سے 5 منٹ تک ڈھک کر پکالیں۔
وائٹ ساس بنانے کے لیے
ایک پتیلی میں 2 کھانے کے چمچ مکھن، 2 کھانے کے چمچ میدہ، ایک کپ دودھ، ایک سے ½ چائے کا چمچ کالی مرچ پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ سوکھا اوریگانو، دو کھانے کے چمچ چیڈر چیز اور نمک حسب ذائقہ شامل کرکے ساس گاڑھا ہونے تک اچھی طرح ملائیں، پھر اس میں دو کھانے کے چمچ باریک کٹے ہوئے تلسی کے پتے شامل کریں اور ملائیں۔
سجاوٹ کے لیے
ایک ڈش میں ریڈ ساس کی تہ لگائیں، دوسری ڈش میں ایک ایک کرکے لزانیا شیٹ پہلائیں، اس پر وائٹ ساس اور ریڈ ساس لگائیں، اور رول کی شکل میں موڑ لیں۔
ان رولز کو ریڈ ساس کی تہ والی ڈش پر رکھ دیں، پھر بعدازاں رول کے اوپر بھی ریڈ ساس لگائیں، اس پر حسب ضرورت موزیریلا چیز، اوریگانو اور کٹی لال مرچ چھڑک دیں۔
رول کی ڈش کو فوائل سے ڈھک کر اوون میں 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر 15 سے 20 منٹ کے لیے پکالیں۔
تیار ہونے پر گھر والوں کے سامنے مزیدار لزانیا رولز پیش کریں