پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکار عدنان صدیقی اور اعجاز اسلم کے مداح آج بھی انہیں دیکھ کر کنفیوژن کا شکار ہوجاتے ہیں، جس پر دونوں فنکاروں نے ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچی تو ان کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ان دنوں ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس کے ابتدا میں عدنان صدیقی کا ایک مداح ان سے ملنے آتا ہے لیکن جوش و خروش میں وہ انہیں اعجاز اسلم پکارتا رہتا ہے۔
مداح کی جانب سے غلط شناخت پر عدنان صدیقی اس کے ساتھ ایک ویڈیو ریکارڈ کرتےہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے اس بات کا دکھ ہے آپ مجھے نہیں پہچانتے لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ آپ اعجاز اسلم کو بھی نہیں جانتے۔
اسی ویڈیو کے اگلے حصے میں اداکار اعجاز اسلم نَہلے پَر دَہلا دیتے ہوئے اپنے مداح کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئرکرتے ہیں۔
اعجاز اسلم کی ویڈیو میں بھی ان کے مداح ان کی درست شناخت کرنے سے قاصر رہتے ہیں اور انہیں عدنان صدیقی کہہ کر مخاطب کرتے اور پہلی ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔
اس ویڈیو کے اختتام پر اعجاز اسلم عدنان صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ہاں بھئی جواب مل گیا؟‘
تاہم اس دلچسپ ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین ملے جلے تاثرات پیش کر رہے ہیں۔
ایک کا کہنا ہے کہ اپنے مداح کے ہمراہ عدنان صدیقی کا رویہ درست نہیں تھا۔ تو کسی کا کہنا ہے کہ ہم بھی عدنان صدیقی، اعجاز اسلم اور فرحان علی آغا میں کنفوس ہوتے ہیں۔