پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار، ہدایتکار، میزبان اور اسکرپٹ رائٹر اظفر علی نے تیسری شادی کا عندیہ دے دیا۔
حال ہی اداکار نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے چینل ’سوشل اسپیک‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس کی میزبانی اداکار و میزبان علی سلمان کر رہے تھے۔
دوران شو میزبان نے اداکار سے سوال کیا کہ زندگی میں کونسے تین کام کرنے باقی رہ گئے ہیں؟
میزبان کے سوال پر اداکارنے 3 کام بتائے جو باقی رہ گئے ہیں، انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک فلم کرنا ضروری ہے، دوسرا کام ایک اور شادی کرنا ہے جبکہ تیسرا کام پاکستان سے باہر سیٹل ہونا ہے۔
خیال رہے کہ اظفر علی شوبز انڈسٹری کا جانا پہچانا نام ہیں۔ انہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی میں کافی اُتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔
ان کی پہلی شادی 2001 میں اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی تھی، ان سے ان کی ایک بیٹی فاطمہ علی ہے، شادی کے گیارہ برس بعد ان کی جوڑی 2012 میں طلاق کے بعد علیحدہ ہوگئی۔ تاہم دونوں مل کر اپنی بیٹی کی پرورش کر رہے ہیں۔
اداکارہ سلمیٰ حسن سے طلاق کے فوراً بعد اظفر علی 2012 میں ہی ماڈل، اداکارہ و میزبان نوین وقار کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔
تاہم ان کی دوسری شادی بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 3 سال کے مختصر عرصے کے بعد 2015 میں ان دونوں نے بھی راہیں جدا کرلیں تھی، جس کے بعد انہیں کافی تنقید کاسامنا بھی کرنا پڑا تھا تاہم اب اظفر ایک بار پھر شادی کے لیے پُر امید ہیں۔