اضافی کوشش کے بغیر جسمانی وزن میں کمی لانے والے حیرت انگیز طریقے

اضافی کوشش کے بغیر جسمانی وزن میں کمی لانے والے حیرت انگیز طریقے


جسمانی وزن میں کمی لانا آسان نہیں ہوتا اور اکثر لوگ ایسے مشوروں پر عمل کرنے لگتے ہیں جو درست نہیں ہوتے۔

تاہم گزرے برسوں میں سائنسدانوں نے متعدد ایسے طریقوں کو دریافت کیا ہے جو جسمانی وزن میں کمی لانے میں مؤثر ہیں۔

ایسے ہی آسان طریقوں کے بارے میں جانیں جو سائنسی شواہد کی بنیاد پر تیار کیے گئے۔

پانی پینا، بالخصوص کھانے سے قبل

ایسا اکثر کہا جاتا ہے کہ پانی پینا جسمانی وزن میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور یہ درست بھی ہے۔

پانی پینے سے میٹابولزم کی رفتار ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کے لیے 24 سے 30 فیصد تک بڑھ جاتی ہے، جس سے زیادہ کیلوریز جلانے میں مدد ملتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانے سے آدھے گھنٹے قبل آدھا لیٹر پانی پینا کم کیلوریز کو جزوبدن بنانے میں مدد دیتا ہے اور اس طریقے پر عمل نہ کرنے والوں کے مقابلے میں جسمانی وزن میں 44 فیصد زیادہ کمی آتی ہے۔

زیادہ مرچوں والی غذا

مصالحے دار غذاﺅں میں ایک جز کیپسیسین پایا جاتا ہے جو میٹابولزم کو فروغ دیتا ہے اور کھانے کی اشتہا میں کچھ حد تک کمی لاتا ہے۔

اس بات کی تصدیق کچھ طبی تحقیقی رپورٹس میں بھی کی گئی ہے۔

پروٹین کا زیادہ استعمال

پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال میٹابولزم کو تیز کرتا ہے اور کم کیلوریز کو جزوبدن بنانے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق جب آپ پروٹین سے بھرپور غذا جیسے انڈوں، چکن یا دیگر کا استعمال کرتے ہیں تو خودکار طور پر زیادہ کھانے س گریز کرتے ہیں، جس سے وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

پروٹین سے بھرپور غذا اور اس کے ساتھ ورزش کا امتزاج زیادہ تیزی سے جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے۔

چائے یا کافی پینا

تحقیقی رپورٹس کے مطابق چائے اور کافی میں موجود کیفین سے میٹابولزم 3 سے 11 فیصد تیز ہوتا ہے اور چربی گھلنے کا عمل 10 سے 29 فیصد تک تیز ہوجاتا ہے۔

تاہم اس مشروب کو پینے کے دوران چینی یا زیادہ کیلوریز والے اجزا کا استعمال کرنے سے گریز کریں ورنہ کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔

نوالے آہستگی سے چبا کر نگلیں

اپنا کھانا بہت تیزی سے نگلنا وقت کے ساتھ جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے، اس کے مقابلے میں کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نوالے اچھی طرح چبانا پیٹ کو بھرے رکھنے کے ساتھ جسمانی وزن میں کمی لانے والے ہارمونز کی تعداد کو بڑھاتا ہے۔

کھڑے ہوکر کھانے سے گریز

روزمرہ کی مصروفیات کے دوران لوگ اکثر جلد بازی میں کھڑے ہوکر یا چلتے پھرتے کھانا کھاتے ہیں۔ اس عمل کو بار بار دہرانا بتدریج جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

اس سے بچنے کے لیے ماہرین کا ماننا ہے کہ کھانے کے دوران بیٹھ کر سکون سے کھائیں تاکہ دماغ کو احساس ہوسکے کہ آپ مناسب غذا کھا رہے ہیں اور بسیار خوری کا امکان کم ہو۔

چیونگم چبائیں

بغیر مٹھاس والی چیونگم جس میں منٹ کا تیز ذائقہ موجود ہو، اس وقت چبائیں جب آپ کو لگے کہ آپ بازار سے کچھ کھانا چاہتے ہیں یا بس کچھ کھانا چاہتے ہیں۔

بھوکا رہنے سے گریز

روزانہ 1200 (اگر آپ خاتون ہیں) یا 1800 (اگر مرد ہیں) کیلوریز روزانہ جزوبدن بنانا میٹابولزم کو تیز کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ا

اگرچہ ڈائیٹنگ یا کریش ڈائیٹس کچھ وقت کے لیے وزن میں کمی میں مدد دے سکتا ہے مگر اس کے نتیجے میں جسم فائدہ مند غذائی اجزا سے محروم ہوتا ہے جبکہ اس سے مسلز بھی ڈھیلے ہوجاتے ہیں جو میٹابولزم کو سست کرنا کا باعث بنتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں طویل المعیاد بنیادوں میں جسم کم کیلوریز جلاتا اور زیادہ تیزی سے وزن میں اضافے کا سامنا کرتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں