اشیا کے سرکاری نرخ جاننے کے لیے ’درست دام سندھ‘ ایپ متعارف

اشیا کے سرکاری نرخ جاننے کے لیے ’درست دام سندھ‘ ایپ متعارف


حکومت سندھ نے ’نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ‘ (این آئی ٹی بی) کے اشتراک کے ساتھ اشیائے خور ونوش کے سرکاری نرخ جاننے کے لیے صارفین کی سہولت کے لیے ’درست دام سندھ‘ نامی ایپلی کیشن متعارف کرادی۔

’درست دام‘ نامی ایپلی کیشن کو این آئی ٹی بی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے پہلی بار اکتوبر 2019 میں دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لیے متعارف کرایا تھا۔

’درست دام‘ کی اسلام آباد میں کامیابی کے بعد 2020 میں اسے بلوچستان اور پنجاب کے مختلف شہروں کے لیے بھی پیش کیا گیا تھا۔

اب اسی ایپ کو سندھ حکومت کے تعاون سے صوبے کے مختلف شہروں کے لیے پیش کردیا گیا، تاہم ایپلی کیشن کو تمام صوبے کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔

این آئی ٹی بی کی ٹوئٹ میں 16 مئی کو بتایا گیا کہ ’درست دام سندھ‘ ایپلی کیشن کو حکومت سندھ کے تعاون سے صوبے کے لیے پیش کردیا گیا۔

مذکورہ ایپلی کیشن کو ابتدائی طور پر صوبے کے صرف تین شہروں کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

ایپلی کیشن کو شمالی سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاوہ بدین اور دادو ضلع میں پیش کیا گیا ہے۔

مذکورہ ایپلی کیشن کو دارالحکومت کراچی سمیت حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، نواب شاہ اور لاڑکانہ جیسے بڑے شہروں میں فوری طور پر پیش نہیں کیا گیا۔

’درست دام سندھ‘ ایپلی کیشن میں شہری یومیہ بنیادوں پر اشیائے خردونوش کے سرکاری نرخ معلوم کر سکیں گے اور اسی ایپ پر زیادہ دام پر چیزوں کو فروخت کرنے والے دکان داروں کی شکایات بھی درج کروا سکیں گے۔

حکومت کا دعویٰ ہے کہ ایپلی کیشن پر شکایات درج کرنے والے افراد کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی جب کہ شہریوں کو یومیہ بنیادوں پر پھل، سبزیوں، دالوں، آٹے اور چاول سمیت انڈوں اور گوشت کے سرکاری نرخ معلوم ہو سکیں گے۔

’درست دام سندھ‘ کو بدین، گھوٹکی اور دادو میں متعارف کرائے جانے کے بعد ترتیب وار صوبے کے دیگر شہروں میں بھی متعارف کرایا جائے گا، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دوسرے شہروں میں ایپلی کیشن کو کب تک پیش کیا جائے گا۔

صارفین ’درست دام سندھ‘ کی ایپلی کیشن کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں