اشنا شاہ کو جمائما خان کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ بھا گئی

اشنا شاہ کو جمائما خان کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ بھا گئی


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ کو جمائما خان کی رومانوی کامیڈی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ بھا گئی۔

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ادکارہ اشنا شاہ نے اس فلم کے ہر شعبے کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔

انہوں نے لکھا کہ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ برطانوی سینما کی برصغیر کی تھیم پر پیش کردہ سب سے بہترین فلم ہے۔ فلم کی کاسٹ نے بھی اپنے کرداروں کے ساتھ بھرپور انصاف کیا۔

انہوں نے فلم کے اسکرپٹ کے بارے میں لکھا کہ اس کی کہانی میں کامیڈی سے جذبات تک مختلف پہلو اور موضوعات موجود تھے جو نہ صرف پاکستانی خواتین بلکہ دنیا کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والی خواتین کی نمائندگی کرتے ہیں۔

انہوں نے فلم کے مرکزی کرداروں للی جیمز اور شہزاد لطیف کی اداکاری کی تعریف کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکارہ سجل علی کی شاندار پرفارمنس کی بھی خوب تعریف کی اور لکھا کہ ’وہ آئی اور چھا گئی‘۔

انہوں نے ہدایت کار شیکھر کپور کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ ہر طرح کی فلم بناسکتے ہیں۔

اشنا شاہ نے فلم کے لئے جمائما خان کے الفاظ ’یہ فلم پاکستان کے لئے محبت نامہ ہے‘ دُہراتے ہوئے لکھا کہ بے شک یہ فلم پاکستان کے لئے محبت نامہ ہی ہے اور پاکستانیوں کو ایک اور وجہ فراہم کرتا ہے کہ وہ جمائما خان سے مزید محبت کریں۔

انہوں نے فلم بینوں پر زور دیا کہ اگر ابھی تک فلم نہیں دیکھی ہے تو ضرور دیکھیں۔

خیال رہے کہ یہ فلم 24 فروری 2023 کو برطانیہ کے سینما گھروں کی زینت بنی جبکہ اس سے قبل مختلف فلم فیسٹیول میں بھی پیش اور پسند کی گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں