اشتہارات کے بغیر فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال پر یورپ میں ماہانہ فیس عائد

اشتہارات کے بغیر فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال پر یورپ میں ماہانہ فیس عائد


دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک اور سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے یورپین یونین (ای یو) میں اشتہارات کے بغیر دونوں پلیٹ فارمز کے استعمال پر ماہانہ فیس کا پروگرام متعارف کرادیا۔

فیس بک اور انسٹاگرام کی جانب سے پہلے ہی ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک فراہمی کی جا رہی ہے اور اب پلیٹ فارمز نے سبسکرپشن کے نئے آپشنز بھی متعارف کرادیے۔

میٹا کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ یورپین یونین کے تمام رکن ممالک اور سوئٹزرلینڈ میں صارفین اشتہارات کے بغیر فیس بک اور انسٹاگرام استعمال کرنے کے بدلے ماہانہ فیس ادا کرنے کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یورپین یونین کے صارفین اشتہارات کے بغیر ڈیسک ٹاپ پر فیس بک اور انسٹاگرام کو استعمال کرنے کی ماہانہ فیس 10 یورو جب کہ موبائل فون صارفین ماہانہ 13 یورو ادا کریں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیس یکم مارچ 2024 تک برقرار رہے گی، تاہم مذکورہ مدت کے بعد ڈیسک ٹاپ صارفین ماہانہ 6 یورو جب کہ موبائل صارفین ماہانہ 8 یورو اضافی فیس بھی دیں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ مذکورہ اضافی فیس گوگل اور ایپل کی جانب سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کی مد میں لی جائے گی جو کہ دونوں کمپنیاں یکم مارچ 2024 سے وصول کریں گی۔

ساتھ ہی فیس بک نے بتایا کہ جو صارفین اشتہارات کے ساتھ پلیٹ فارمز کو استعمال کرنا چاہتے ہیں وہ مفت میں تمام پلیٹ فارمز معمول کے مطابق استعمال کرتے رہیں، تاہم ان کے اکاؤنٹس پر اشتہارات دکھائے جاتے رہیں گے۔

ساتھ ہی فیس بک نے بتایا کہ مذکورہ سبسکرپشن پلان یورپین یونین کی جانب سے کی گئی تازہ قانون سازی کے بعد متعارف کرایا جا رہا ہے، کیوں کہ یورپین یونین نے پلیٹ فارمز کو پابند کیا ہے کہ وہ خطے میں صارفین کی مرضی کے بغیر اشتہارات نہیں دکھائیں گے۔

فیس بک کی طرح ٹوئٹر نے بھی چند دن قبل اشتہارات کے بغیر پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کا نیا سبسکرپشن پلان متعارف کرایا تھا، جس کے تحت دنیا بھر کے صارفین ماہانہ 16 امریکی ڈالر کے عوض اشتہارات دیکھتے بغیر پلیٹ فارم استعمال کر سکیں گے۔

ساتھ ہی ٹوئٹر نے ’بیسک‘ اور ’اسٹینڈرڈ‘ سبسکرپشن پلان بھی متعارف کرائے تھے، پہلی بار ٹوئٹر پر تین مختلف سبسکرپشن پلان پیش کیے گئے ہیں، جن کی ماہانہ فیس ترتیب وار۔ 3، 8 اور 16 امریکی ڈالر ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں