بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کے بھی من پسند مسٹری کارٹون ‘اسکوبی ڈو’ جلد اسکرینز پر واپسی کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس بار کسی سیریز کی نہیں بلکہ ایک فلم کی شکل میں، جس کا پہلا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا۔
اسکوبی ڈو کی اس نئی فلم کا نام ‘اسکوب’ رکھا گیا ہے، جس میں کارٹون کے وہی کردار جلوہ گر ہوں گے جبکہ سب سے اہم اسکوبی ڈو نامی ‘کتا’ ہی نظر آئے گا۔
ڈیجیٹل اسپائے کی رپورٹ کے مطابق 2004 میں اس کارٹون سیریز کی فلم ‘اسکوبی ڈو 2: مونسٹرز انلیشڈ’ سامنے آئی تھی، جس میں فلم کے مرکزی کردار کئی اور ہیروز کے ساتھ جلوہ گر ہوئے، تاہم اس مرتبہ سامنے آنے والی فلم اس سیریز کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ہوگی۔
اس فلم میں جاسوسوں کی ٹیم کچھ نئے منفی کرداروں کے مدمقابل نظر آئے گی۔
اس فلم میں فرینک ویلکر ‘اسکوبی’ کو اپنی آواز دیں گے جبکہ باقی کرداروں شیگی، فریڈ جونز، ویلما اور ڈیفنے کو ول فورٹ، زیک ایفرون، جینا روڈریگز اور امنڈا سیفریڈ اپنی آواز دیں گی۔
فلم کے ٹریلر کا آغاز اسکوبی ڈو اور شیگی کے کردار سے ہوتا ہے، جو ایک سینما تھیٹر میں موجود ہیں اور سوچ رہے ہیں کہ اب انہیں اپنی ایک فلم بنانی چاہیے، جس کے بعد شیگی فلم سے قبل ٹریلر ریلیز کرنے کا خیال ظاہر کرتے ہیں۔
ٹریلر میں کرداروں کے بچپن کو دکھایا جاتا ہے، جس میں یہ کہانی بھی سامنے آئی کہ شیگی اور اسکوبی ایک دوسرے سے ملے کیسے، جس کے بعد باقی کرداروں اور ولن کو سامنے لایا جائے گا۔
ویسے تو اس فلم کو 2018 ستمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم پروڈکشن پر کام رکنے کے باعث اب اسے اگلے سال 15 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔