بالی ووڈ کے نامور ہیرو، وکی کوشل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کوئی بھی فلم سائن کرنے سے قبل اپنے والد شام کوشل اور بعد میں اہلیہ، کترینہ کیف سے مشورہ لیتے ہیں۔
یاد رہے کہ اداکار وکی کوشل بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے تجربہ کار، ایکشن فلموں کے ڈائریکٹر شام کوشل کے بیٹے اور بالی ووڈ کی باربی، ڈول کترینہ کیف کے شوہر ہیں۔
حال ہی میں اداکار وکی کوشل کو کامیڈی فلم ’بیڈ نیوز‘ میں دیکھا گیا ہے جس میں کیے گئے اُن کے ڈانس اور اداکاری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں وکی کوشل نے باکس آفس پر اپنی فلم ’بیڈ نیوز‘ کی کامیابی، آنے والے پروجیکٹس اور برانڈ کی تشہیر اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بات کی ہے۔
’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کے ساتھ بات چیت کے دوران اداکار نے بتایا کہ میں ہر فلم کے اسکرپ کا پہلے بغور جائزہ لیتا ہوں، اگر اس میں مجھے کوئی شک یا کنفیوژن محسوس ہو تو پھر میں اپنے والد اور بعد ازاں اہلیہ کے ساتھ اسکرپٹ پر بات کرتا ہوں اور مشورہ لیتا ہوں۔
اداکار سے سوال پوچھا گیا کہ ’آپ کے گھر میں 3 افراد شوبز سے تعلق رکھتے ہیں، تینوں میں سے سب سے بہتر مشورہ کون دیتا ہے؟‘
جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ میں خود بھی اسکرپٹ کے لیے حامی بھرنے میں جَلدی نہیں کرتا ہوں، مگر میرے والد چونکہ ڈائیریکٹر بھی ہیں، اس لیے وہ ہر لحاظ سے سوچ کر مشورہ دیتے ہیں، میں اپنے والد پر بھروسہ زیادہ کرتا ہوں کیوں کہ وہ انڈسٹری کے رجحانات، تجارت اور باکس آفس کی کارکردگی پر گہری نظر رکھتے ہیں۔