اسپین میں 3 امریکی بہنوں کا ’ریپ‘ کرنے والے افغان باشندے گرفتار


یورپی ملک اسپین میں سال نو کے موقع پر تین سگی بہنوں کو ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے والے 3 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار کیے گئے تینوں افغان شہریوں نے سال 2020 کو خوش آمدید کہنے والی تقریبات کے دوران امریکا کی ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والی 3 بہنوں کو ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا تھا۔

افغان خبر رساں ادارے ’خاما‘ نے اپنی رپورٹ میں اسپین کی مقامی ویب سائٹس سمیت یورپی ویب سائٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں افغان شہریوں کو مقامی پولیس نے کارروائی کے فوری بعد گرفتار کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بہنوں کو ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے والے تینوں افغان شہریوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں جب کہ متاثرہ بہنوں کی عمریں 18 سال 20 اور 23 سال ہیں۔

اسپینی حکام کے مطابق افغان شہریوں نے تینوں بہنوں کو جنوب مشرقی شہر مورسیا میں سال نو کے موقع پر ریپ کا نشانہ بنایا۔

حکام نے دعویٰ کیا کہ متاثرہ خواتین کے جسموں پر زخموں کے نشانات پائے گئے جن سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ انہیں ریپ کے دوران تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں بہنیں سال نو کے موقع پر مورسیا شہر کے ایک ہوٹل میں تینوں افغان شہریوں سے ملیں اور اس دوران ایک بڑی بہن ایک افغان شہری کے ساتھ ان کے فلیٹ پر گئیں۔

بڑی بہن کے فلیٹ پر جانے کے بعد دونوں بہنیں دو افغان شہریوں کے ساتھ ہوٹل میں رکی رہیں اور مبینہ طور پر اس وقت ہی دونوں بہنوں کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی بہنوں کی بڑی بہن چھٹیاں گزارنے اسپین آئی تھی جب کہ ان کی سب سے چھوٹی بہن وہیں تعلیم حاصل کر رہی تھیں جو اپنی چھٹیاں شروع ہونے کے انتظار میں ملک جانے کو تیار تھیں۔

تینوں بہنوں کو نشانہ بنانے والے افغان شہریوں میں سے 2 شہری گزشتہ سال ہی اسپین میں سیاسی پناہ کے تحت منتقل ہوئے تھے جب کہ ایک شہری وہاں پر تکنیکی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔

اسپینی حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ واقعے سے قبل تینوں افغان شہری کسی اور جرم میں ملوث نہیں پائے گئے اور واقعے کے بعد انہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف ’جنسی ہراسانی اور خواتین پر تشدد‘ جیسے الزامات کے تحت مقدمات دائر کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔

دوسری جانب نشانہ بننے والی تینوں بہنیں بھی ابتدائی علاج کے بعد واپس امریکا چلی گئیں جہاں وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں