وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو اسٹیڈیم بھرنے کا چیلنج دیا تھا، انہوں نے آدھے اسٹیڈیم کواسٹیج بنادیا۔
شبلی فراز نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دو جماعتوں کی پارٹنر شپ توڑی تو یہ جمہوریت کے چیمپئن اور نظریاتی بن گئے، ووٹ کی عزت، جمہوریت کا خیال آگیا۔
اس پر ن لیگ کے مشاہداللہ خان نے جواب دیا کہ حکومت نے ایک جلسے کے سامنے پارلیمنٹ کو لاکر کھڑا کردیا،جلسہ فیل ہوگیا تو حکومت کامیاب ہو جائے گی لیکن اگر جلسہ کامیاب ہوگیا تو کس کو شکست ہوگی؟ پارلیمنٹ کو جلسوں کے سامنے نہ لے کر آئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شبلی فراز نے اپوزیشن کو چیلنج کیا تھا کہ وہ جناح اسٹیڈیم کو مکمل بھر کر دکھائیں جس پر ن لیگ کے پرویز رشید نے چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسٹیڈیم بھر گیا تو شبلی فراز مستعفی ہونے میں کتنی دیر لگائیں گے؟