اسلام آباد:
اسٹیٹ بینک کو پاکستانی کمپنیوں کو بیرون ملک 10 ملین ڈالر تک سرمایہ کاری کی اجازت دینے کا اختیار مل گیا جب کہ یہ فیصلہ گذشتہ ماہ اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) کے اجلاس میں کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک ملکی کمپنیوں کو بیرون ممالک میں 5 ملین ڈالر تک سرمایہ کاری کی اجازت دینے کا مجاز تھا،5ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے لیے مرکزی بینک کو ای سی سی سے اجازت درکار ہوتی تھی تاہم اب یہ حد بڑھاکر 10ملین ڈالر کردی گئی ہے۔
دوران اجلاس وزیرمنصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اس بات پر زوردیاکہ کاروبار کرنے میں آسانی کی ترویج کے لیے مرکزی بینک کے اختیارات پر نظرثانی کی ضرورت ہے اور مرکزی بینک کو 10ملین ڈالر تک بیرون ممالک میں سرمایہ کاری کی اجازت دینے کا اختیار ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حد پر ہر 5 سال کے بعد نظرثانی کی جانی چاہیے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین نے وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر کے موقف کی حمایت کی، جس کے بعد ای سی سی نے اس تجویز کی حمایت کردی۔
یہ معاملہ ایسٹرن پروڈکٹس کی وجہ سے زیرغور آیا تھا جس نے سعودی عرب میں ایک کمپنی کے 50فیصد حصص خریدنے کے لیے 6ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی اجازت مانگی تھی۔ ای سی سی نے کمپنی کو سرمایہ کاری کی اجازت دیدی۔