اسٹاک ایکس چینج میں سرویلنس سسٹم پائلٹ ورژن متعارف


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی انتظامیہ نے کامیابی کے ساتھ سرویلینس سسٹم پائلٹ ورژن متعار ف کرادیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے مطابق سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کی شراکت سے مارچ کے آخری ہفتے میں اس سسٹم کو کامیابی کے ساتھ چلایا گیا۔اس عمل کے دوران سرویلینس سسٹم کے پائلٹ ورژن کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے موجودہ ٹریڈنگ نظام کے ساتھ مربوط کردیا گیا جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی سرویلنس صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ نومبر 2019میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور چین کی شینزن اسٹاک ایکسچینج کے درمیان ٹریڈنگ اور سرویلینس سسٹم کے لیے معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد پی ایس ایکس تکنیکی اور آپریشنل سسٹم کو مزید متحرک کرکے دنیاکے دیگر اسٹاک مارکیٹس کے مد مقابل ہوگا۔ اس نئے سرویلنس سسٹم پائلٹ پروجیکٹ کواسٹاک مارکیٹ کے سرویلنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رسائی فراہم کرنے کے بعد تیار کیا گیا جس میں ٹریڈنگ کو ریئل ٹائم کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فرخ خان کا کہنا تھا کہ یہ پائلٹ سرویلنس سسٹم شینزن اسٹاک ایکسچینج سے حاصل کیا گیا ہے جسے اسٹاک مارکیٹ کے نئے ٹریڈنگ سسٹم میں آئندہ فیز میں جنوری 2021تک مکمل طور پر ضم کردیا جائے گا۔ یہ سسٹم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اعلیٰ معیار کے ٹریڈنگ اور سرویلنس سسٹم کے خواب کو پورا  کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سسٹم سے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سرمایہ کار استفادہ حاصل کرسکیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں