اسنیٰ کراچی سے 500کلو میٹر دور، ایک اور مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہونے کیلئے تیار

اسنیٰ کراچی سے 500کلو میٹر دور، ایک اور مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہونے کیلئے تیار


بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسنی کراچی سے 500 کلو میٹر دور ہوگیا ہے جب کہ مون سون کا ایک اور سسٹم خلیج بنگال میں بن رہا ہے جس کا آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران مشرقی سندھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسنی کے حوالے سے محکمہ موسمیات ٹراپیکل سائیکلون کا نواں الرٹ بھی جاری کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہاہے، طوفان اسنیٰ کراچی سے 500 کلو میٹر دور جاپہنچا ہے، سمندری طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے۔

یہ طوفان ماڑہ کے جنوب اور جنوب مشرق سے 350کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، گوادر کے جنوب مشرق سے 260 کلومیٹر دور ہے، مسقط، عمان سے 450 کلو میٹر جنوب مشرق میں موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان مغرب اور جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جنوب مغرب کی طرف بڑھتا ہوا سمندر میں کمزور پڑجائےگا، اس طوفان کے زیر اثر آج شام تک وقفے وقفے سے لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر اور دیگر میں گرج چمک تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوگی، اس دوران 60 سے 70 کلومیٹر کی رفتار سے ہوا چل سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے ماہی گیر کو یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مون سون کا ایک اور سسٹم خلیج بنگال میں بن رہاہے جو بھارتی ریاستوں گجرات اور راجستھان پر اثرانداز ہوگا، اس سسٹم کا 3 سے 4 روز میں مشرقی سندھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں