اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ نے نوجوان خاتون باکسر کی جان لے لی


کیف: یوکرائن کی 18 سالہ باکسنگ چیمپئن امینہ بلاخ کانوں میں ہیڈ فون لگائے اور اسمارٹ فون براؤزنگ کرتے ہوئے پٹڑیعبور کرنے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوگئیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن میں یورپی یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ کی فاتح 18 سالہ امینہ بلاخ ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوگئیں۔ وہ فارمیسی سے نکل کر پٹڑی عبور کر رہی تھیں کہ حادثے کا شکار ہوگئیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ باکسنگ چیمپئن کانوں میں ہیڈ فون ہونے کی وجہ سے ریل کے آنے کی آواز نہیں سُن سکیں جب کہ وہ اپنے اسمارٹ فون پر براؤسنگ میں بھی مصروف ہونے کے باعث ریڈ سگنل کو بھی نہیں دیکھ سکیں۔

امینہ بلاخ جس ٹرین سے ٹکرائیں وہ کیف سے فاسٹو کی جانب محو سفر تھی، ریلوے کراسنگ پر ریڈ سگنل بھی تھا اور باڑ بھی موجود تھی لیکن امینہ نے اس جانب توجہ نہیں دی۔ آخری لمحات میں ریل کی آمد سے خود کو بچانے کی ناکام کوشش بھی کی۔ خاتون کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں