بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اور سراوان کے سربراہ نواب اسلم رئیسانی نے جامعہ بلوچستان کے مستونگ کیمپس کی تعمیر کے لیے 50 ایکڑ زمین عطیہ کردی۔
نواب اسلم رئیسانی، جو بلوچستان کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے اپنے حلقے اور آبائی قصبے کناک کے دورے کے دوران حد بندی کے بعد اپنی زمین باضابطہ طور پر جامعہ کے منتظمین کے حوالے کردی۔
زمین تمام تر قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد جامعہ کے لیے الاٹ کی گئی، جس کے بعد سب کیمپس کی تعمیر کا کام جلد شروع ہو جائے گا۔
زمین حوالگی کی تقریب میں مستونگ سب کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، کوآرڈینیٹر غلام مصطفیٰ شاہوانی، نوابزادہ میر رئیس رئیسانی، تکری عبدالحلیم بنگلزئی، میر یوسف بنگلزئی، ڈاکٹر عبدالستار بنگلزئی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں نواب رئیسانی کا کہنا تھا کہ مستونگ سب کیمپس کی تعمیر سے نہ صرف خطے میں تعلیمی انقلاب آئے گا بلکہ اس سے معیشت، سیاست، علاقائی اور سماجی معاملات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے قبائلی عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ ضلع میں تعلیمی انقلاب لانے میں اہل علاقہ اور قبائل وائس چانسلر اور جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ کی حمایت کرے گی۔