اسلام قبول کرنے والی بھارتی اداکارہ دیپیکا ککڑ اور ان کے شوہر و اداکار شعیب ابراہیم نے اپنے بیٹے کی پیدائش کے 1 ماہ بعد اس کے ہمراہ پہلی تصویر شیئر کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر حال ہی میں بیٹے کے والدین بننے والے بھارتی اداکاروں کی جوڑی نے اپنے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر بیٹے کے ہمراہ تصویر شیئر کی ہے۔
اداکاروں کی اس جوڑی کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں بیٹے کا چہرہ تو نظر نہیں آ رہا تاہم انہوں نے تصویر کے کیپشن میں بیٹے کا نام بتاتے ہوئے لکھا کہ ’روحان‘ ساتھ ہی دل والا ایموجی بھی بنایا۔
انہوں نے دعاؤں میں یاد رکھنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکاروں کی اس جوڑی نے اپنے بیٹے کا نام سوشل میڈیا صارفین کو بتایا، بلکہ اس سے قبل انہوں نے ایک وی لاگ کے دوران بے دھیانی میں اپنے بیٹے کو اس کے نام سے پکارا تھا، تاہم مذکورہ وی لاگ فوراً ہی ڈیلیٹ کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ دپیکا ککڑ نے 2018ء میں اسلام قبول کرکے مسلم ساتھی اداکار شعیب ابراہیم سے شادی کرلی تھی، ان کی جوڑی کو بھارت میں بے حد پسند کیا جاتا ہے، ان کے یہاں گشتہ ماہ 21 جون کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔