اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل راہزنی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بیٹے سمیت جاں بحق

اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل راہزنی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بیٹے سمیت جاں بحق


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی و راہزنی کی کوشش ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف اور ان کا بیٹا ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔

اسلام آباد پولیس سے جاری بیان کے مطابق 17 دسمبر کو کانسٹیبل محمد اشرف اپنے بیٹے کے ہمراہ تھانہ رمنا کی حدود سیکٹر جی-11 سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے راہزنوں کو واردات کرتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل اشرف نے راہزنوں کو پکڑنے کی کوشش کی اور اس دوران ان کا بیٹا بھی مدد کو آیا لیکن اسی دوران ڈکیتوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل اور ان کا بیٹا دونوں شدید زخمی ہو گئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف نے اپنا فرض نبھاتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر انتہائی بہادری سے جرائم پیشہ عناصر کا مقابلہ کیا اور وطن پر قربان ہو گئے۔

ادھر واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان کو شہری سے چھینا جھپٹی کرتے دیکھ کر پولیس اہلکار محمد اشرف نے ملزمان کی طرف دوڑ لگائی اور مسلح ملزمان کو دبوچ کر بیٹے کو آواز دی۔

اس دوران پولیس اہلکار کو حاوی دیکھ کر ایک ملزم نے پستول نکال لیا اور دوسرے ملزم نے محمد اشرف کے سینے پر گولی مار دی اور اس کے بعد مسلح ملزمان نے ان کے بیٹے پر فائرنگ کردی۔

جاں بحق ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل اشرف اور ان کے بیٹے کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کردی گئی جس میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور عوام نے شرکت کی۔

جاں بحق ہیڈ کانسٹیبل کا جسد خاکی تدفین کے لیے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں