اسلام آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران زد میں آکر 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 8 میں پیش آیا جہاں مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکرجاں بحق شہریوں کی شناخت اسامہ محمود اور عامر کے نام سے ہوئی۔
مزیدپڑھیں: اسلام آباد میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے راہگیر زخمی
تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ شہریوں کی ہلاکت کس کی فائرنگ سے ہوئی۔
ایس پی زبیر شیخ نے اس حوالے سے بتایا کہ ڈاکوؤں نے فرار ہونے کے لیے ایک گاڑی کو بھی روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ڈاکوؤں کا گھیراؤ کیا جس پر انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔
زبیر شیخ نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا میجر لاریب کے ‘قاتلوں’ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی وجہ دم توڑ گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔
ایس پی زبیر شیخ نے بتایا فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔