اسرائیل نے شام میں ایرانی اہداف اور شامی فوج کو نشانہ بنانے کی تصدیق کردی۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے فوجی ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملے گزشتہ روز کیے جانے والے راکٹ حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایرانی پاسداران انقلاب کی سمندر پار فورس قدس کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور ساتھ ہی شامی فوج پر بھی حملے کیے گئے جن میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں، ہتھیاروں، جنگی خانہ جات اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے الزام لگایا کہ گزشتہ روز شام کی طرف سے 4 راکٹ فائر کیے گئے جنہیں اسرائیل کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے شام میں فوج کی مستقل موجودگی کو برقرار رکھنے کی کوششوں اور حزب اللہ کے جدید ہتھیاروں کے خلاف شام میں متعدد مرتبہ ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب شام کے فوجی حکام کا کہنا ہےکہ ملک کا ائیر ڈیفنس سسٹم دارالحکومت شام پر فائر کیے گئے میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کرنے کے قابل تھا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے حملے میں تین شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔