اسد عمر کا دورہ کراچی، روپے کی قدر پر تبصرے سے انکار


کراچی: 

سابق وزیر خزانہ اور قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ اسد عمر نے پاکستانی روپے کی قدر کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

کراچی میں مشین ٹول فیکٹری کے دورے کے موقع پر اسد عمر نے معیشت کے بارے میں سوالات سے اجتناب کیا۔ جب ان سے صحافی نے پوچھا کہ روپیہ کہاں تک جائے گا؟۔ تو اسد عمر نے کہا کہ اس کا جواب رضا باقر اور حفیظ شیخ دیں گے۔

اسد عمر نے مشین ٹول فیکٹری کے رٹائرڈ ملازمین کے کئی سال سے زیر التوا واجبات کی ادائیگی کے چیک تقسیم کیے ، سینیٹر شاندانہ گلزار بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ اسد عمر کے مشین ٹول فیکٹری پہنچنے پر ملازمین اور انتظامیہ نے والہانہ استقبال کیا، پھولوں کے ہار پہنائے اور نعرے لگائے۔

اسد عمر نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے اہم قومی ادارے خسارے کا شکار ہوئے حکومت ان اداروں کو بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسٹیل مل کے لیے کمیٹی جو بنائی گئی تھی اس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسٹیل مل کو اب بھی بحال کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر مشین ٹول فیکٹری کے جی ایم سید یوسف حسین نے ادارے کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر سینیٹر شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ مشین ٹول فیکٹری کے عہدیداران و ملازمین اسلام آباد میں دھرنے پر تھے ت،حریک انصاف کی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے واجبات ادا کردیے، اب ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ بھی حل کیا جائیگا


اپنا تبصرہ لکھیں