استنجے کے لیے بیگ میں رکھنے والا الیکٹرانک لوٹا تیار


نیویارک: 

نومولود بچوں کے وائپس، ٹشو پیپر اور بھرے ہوئے لوٹے کو بھول جائیں اور جراثیم سے پاک برقی لوٹا اپنے بیگ میں ہی رکھیں جسے سونی کا نام دیا گیا ہے۔ اسے آپ دستی ’’مسلم شاور‘‘ بھی کہہ سکتے ہیں جو آپ اپنے ساتھ کہیں بھی لے جاسکتے ہیں۔

اپنی پاکیزگی کا بے حد خیال رکھنے والے ماحول دوست افراد کے لیے یہ ایک صحت مند ایجاد ہے جسے آپ ہر جگہ ساتھ لے جاسکتے ہیں۔ یہ ایجاد ان پاکستانیوں اور مسلمانوں کے لیے بھی مفید ہے جو امریکا اور یورپ کے بیت الخلا میں مسلم شاور تلاش کرتے رہتے ہیں اور محض ٹوائلٹ پیپر پر اکتفا نہیں کرتے۔

کسی اسپرے کی پتلی بوتل نما اسٹک ڈیزائن کی گئی ہے جسے سونی sonny کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے اوپری حصے سے پانی کی پھوار تیزی سے خارج ہوتی ہے جس کا پریشر، رفتار اور پہنچ آپ خود قابو کرسکتے ہیں۔ صرف اتنا کرنا ہوگا کہ اسے چارج کرکے تیار رکھیں اور جب استعمال کرنا ہو پانی بھریں اور نفاست سے خود کو صاف کریں۔

اس کا الیکٹرانک بٹن اوپر سے خارج ہونے والی پانی کی رفتار اور پریشر کو کنٹرول کرتا ہے اور ایک مرتبہ کے اسپرے سے اچھی طرح صفائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اوپری حصے میں جراثیم کو ازخود پاک رکھنے والا نظام بھی موجود ہے۔

اسے بنانے والی کمپنی کے مطابق اسپرے کو ڈیزائن کرنا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ اس کے علاوہ اتنی چھوٹی جسامت میں پانی کو پریشر سے پھینکنے کا پورا نظام لگانا بھی آسان نہ تھا۔ ان دونوں امور کے لیے برسوں محنت کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے تیار کرنے والے تمام افراد اس بات پر متفق ہیں کہ رفع حاجت کے بعد محض ٹوائلٹ پیپرکا استعمال کسی طرح بھی صحت مند طریقہ نہیں۔

علاوہ ازیں چھوٹے بچوں کے وائپس اور گیلے ٹشو پیپر سے بھی جان چھوٹ جائے گی کیونکہ یہ الیکٹرانک لوٹا ہر کیفیت اور صورتحال میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسے بنانے والی ٹیم نے دنیا کے کئی ممالک کا سفر کرکے ہر ملک و تہذیب کے تقاضوں کو اپنے ڈیزائن میں سمونے کی کوشش کی ہے۔

دوسری جانب ورلڈ ٹوائلٹ ایسوسی ایشن کے ماہرین نے بھی اس کی تیاری میں اپنی سفارشات شامل کی ہیں۔ اگرچہ ابھی یہ کراؤڈ فنڈنگ کے مرحلے میں ہے لیکن اس کی قیمت سو ڈالر رکھی گئی ہے، اگر دو واٹر اسٹک خریدنا چاہیں تو صرف 129 ڈالر میں دستیاب ہیں، یہ اس سال اپریل تک آپ کے ہاتھوں میں ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں