وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسامہ بن لادن کو ‘شہید’ کہنے کو ‘زبان کی لغزش’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاست پاکستان، القاعدہ اور اسامہ بن لادن کو دہشت گرد سمجھتی ہے۔
نجی چینل جیو نیوز کے پروگرام ‘جرگہ’ کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ متنازع بیان کی وضاحت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حق میں ووٹ دیا اور دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔
علاوہ ازیں فواد چوہدری نے مقامی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘ریاست اور حکومت اپنے مؤقف میں بالکل واضح ہے لیکن مقامی میڈیا وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو بڑھا چڑھا کر پیش کرے گا تو بین الاقوامی میڈیا ایشو بنائے گا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان کا بیان زبان کی لغزش تھی’۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے امریکا سے تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں واشنگٹن کی مدد کے باوجود کافی ‘تذلیل’ کا سامنا کرنا پڑا اور پھر افغانستان میں امریکا کی ناکامی کا الزام بھی اسی پر لگا دیا گیا۔
انہوں نے ایک واقعہ، جسے انہوں نے پاکستان کے لیے باعث ‘شرمندگی’ قرار دیا، یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘امریکیوں نے ایبٹ آباد آکر اسامہ بن لادن کو قتل، شہید کردیا، اس کے بعد کیا ہوا؟ پوری دنیا نے ہمیں ملامت کیا اور ہمارے خلاف بات کی’۔
کم و بیش ایک سال کے بعد اسی مسئلے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بیان سامنے آیا تو یہ معاملہ دوبارہ خبروں کی زینت بن گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ٹی وی ‘طلوع’ کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران اسامہ بن لادن کو دہشت گرد قرار دینے سے گریز کیا تھا۔
جب انٹرویو لینے والے نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اسامہ بن لادن کو ‘شہید’ قرار دینے کا حوالہ دیا تو شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ‘یہ ایک مرتبہ پھر سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے، ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور میڈیا کے مخصوص حصے نے ایسا کیا’۔
جب وزیر خارجہ سے پوچھا گیا کہ وہ وزیر اعظم کی بات سے عدم اتفاق کریں گے تو انہوں نے کچھ دیر کے لیے توقف کرنے کے بعد کہا کہ ‘میں چاہوں گا کہ اس بات سے آگے بڑھوں’۔
شاہ محمود قریشی کے غیر واضح مؤقف کے اگلے روز فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر واضح طور پر کہا کہ معصوم لوگوں کو قتل کرنے والے دہشت گرد ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ‘معصوم لوگوں کو قتل کرنے والوں کے حوالے سے کسی سطح پر کوئی ابہام نہیں ہے’۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘یہ دہشت گردی ہے اور قصوروار دہشت گرد ہیں، ہم نے اپنی سرزمین پر دہشت گردی کی تکلیف برداشت کی ہے اور ان سب کا دکھ سمجھ سکتے ہیں، جنہوں نے بزدلانہ حملوں میں اپنے پیاروں کو کھو دیا’۔