‘ارطغرل غازی’ کے اداکار کا طیارہ حادثے پر اظہار افسوس


پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) کے لاہور سے کراچی آنے والے طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے واقعے پر جہاں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا وہیں اب پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ کے اداکار نے بھی افسوس کا اظہار کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی وی کے اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ اس مشکل وقت میں ‘ارطغرل غازی’ کی پوری کاسٹ پاکستان کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا کہ ڈرامے کی کاسٹ کراچی میں ہونے والے المناک حادثے پر تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

اس ٹوئٹ میں ’ارطغرل غازی‘ کے اداکار کیوٹ سیٹن گیونر کی جانب سے ایک خاص پیغام بھی شیئر کیا گیا، جو اس ڈرامے میں دوگن ایلپ کا کردار نبھارہے ہیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ’مجھے کراچی میں ہونے والے طیارے حادثے کی خبر سن کر بےحد دکھ ہوا‘۔

خیال رہے کہ حادثے کا شکار طیارے میں 90 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے جن میں سے تقریباً 30 خواتین اور بچے بتائیں جا رہے ہیں جب کہ طیارے میں مرد مسافروں کی تعداد 60 بتائی جارہی ہے۔

حادثے کے حوالے سے سول ایوی ایشن (سی اے اے) اور پی آئی اے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ کس طرح کی تکنیکی خرابی ہوئی۔

مذکورہ حادثے کو کراچی میں پیش آنے والا اب تک کا سب سے بڑا حادثہ قرار دیا جا رہا ہے اور اس حادثے میں 80 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں