’ارطغرل غازی‘ تنازع، نیلم منیر کا بیان بھی سامنے آگیا


پاکستان کی نامور اداکارہ نیلم منیر نے بھی ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کے حوالے سے جاری تنازع پر اپنا بیان جاری کردیا۔

نیلم منیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو سرحدوں کے بجائے مواد پر فوکس کرنا چاہیے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ویسے تو میں اپنی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کی رائے کا احترام کرتی ہوں لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ یہ کوئی ترکی ڈرامے یا پاکستانی ڈرامے کی بات نہیں، ہمیں اس سے آگے بڑھ کر دیکھنا چاہیے اور یہ سوچنا چاہیے کہ یہ اسلام کی بات ہے، یہ ڈراما ہمیں مسلمانوں کی تاریخ بتارہا ہے، انہوں نے انصاف کے لیے اپنی زندگیاں قربان کیں، اللہ کی راہ پر رہے اور اسلام کو زندہ رکھا‘۔

نیلم منیر کی اس پوسٹ پر کئی مداحوں نے کمنٹس کیے تاہم سب سے زیادہ توجہ کا مرکز ارطغرل غازی کی اداکارہ گلثم علی کا کمنٹ بنا جنہوں نے اس ڈرامے میں اصلیہن ہاتن کا کردار نبھایا ہے۔

اپنے کمنٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’نیلم آپ کی تعریف کا شکریہ، آپ اور آپ کا دل بےحد خوبصورت ہے‘۔

اس پر نیلم منیر نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ امید ہے وہ کسی دن پاکستان ضرور آئیں۔

خیال رہے کہ پہلے ‘دیریلیش ارطغرل’ کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے پر شوبز شخصیات دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہیں، معروف اداکار شان، ریما، یاسر حسین اور منشا پاشا سمیت دیگر اداکار ترک ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے پر ناخوش دکھائی دیے۔

جب کہ مرزا گوہر، خالد عثمان بٹ اور نیلم منیر جیسے اداکار ‘دیریلیش ارطغرل’ کو پی ٹی وی پر نشر کرنے پر خوش دکھائی دیے۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے۔

ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے کو وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر یکم رمضان سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا گیا تھا اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے۔


اپنا تبصرہ لکھیں