’ارطغرل‘ دنیا بھر میں اتنی کامیابی حاصل کرلے گا یہ کبھی نہیں سوچا تھا، انجن التان


لندن: 

ڈراما سیریل ’’دیریلش ارطغرل‘‘ سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے ترک اداکار انجن التان دوزیاتن کا کہنا ہے کہ ڈراما ’’ارطغرل‘‘دنیا بھر میں اتنی کامیابی حاصل کرلے گا انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا۔

ترک سپہ سالار ارطغرل غازی کی زندگی پر مبنی ڈراما ’’دیریلش ارطغرل‘‘نے ریلیز ہونے کے بعد ترکی میں تو کامیابی حاصل کی اور  نیٹ فلکس کے ذریعے یہ سیریز دنیا بھر میں مقبول ہوئی تاہم جب سے ’’دیریلش ارطغرل‘‘پاکستان میں ریلیز ہونا شروع ہوا ہے اس ڈرامے نے کامیابی کے سارے ریکارڈز توڑ دئیے ہیں۔

ڈراما سیریل ’’دیریلش ارطغرل‘‘کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اردو میں ڈب کرکے ’’ارطغرل غازی‘‘کے نام سے نشر کیا جارہا ہے اور پاکستانیوں کی اس ڈرامے سے محبت کے چرچے دنیا بھر میں پھیل گئے ہیں۔

حال ہی میں ڈرامے کے ہیرو انجن التان دوزیاتن جنہوں نے ارطغرل غازی کا کردار ادا کیا ہے نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیا ہے۔ بی بی سی کی میزبان نے انجن سے کہا کہ دنیا بھر میں آپ کے اور  آپ کے ڈرامے کے بہت سارے چاہنے والے ہیں جو  آپ کو بے حد پسند کرتے ہیں۔

میزبان نے انجن سے پوچھا جب  آپ لوگ اس ڈرامے کی شوٹنگ کررہے تھے تو کیا آپ نے سوچاتھا کہ یہ ڈراما اتنی غیر معمولی کامیابی حاصل کرلے گا اور لوگ اسے اتنی محبت دیں گے۔ اس سوال پر انجن التان نے کہا جب ہم ڈرامے کی شوٹنگ کررہے تھے تو ہمیں شروع میں معلوم تھا کہ یہ ایک یادگار سیریز ہوگی البتہ اس سیریز کو اتنی غیر معمولی کامیابی ملے گی یہ نہیں سوچا تھا۔  لیکن ہم بہت خوش ہیں کہ ’’ارطغرل‘‘کو اتنا زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

میزبان نے کہا کہ ’’ارطغرل ‘‘کے دنیا بھر میں ہٹ ہونے کے بعدبہت سارے لوگ ترکی آنا اور وہاں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ میزبان کے سوال پر انجن التان نے کہا یہ حقیقت ہے کہ اس سیریز کے بعد ترکی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جو کہ بہت اچھی خبر ہے ۔

میزبان نے کہا’’دیریلش ارطغرل‘‘کو اردو میں ڈب کرکے پاکستان میں نشر کیا جارہا ہے جہاں اس سیریز نے مقبولیت کےسارے ریکارڈز توڑ دئیے ہیں آپ کو کیا لگتا ہے پاکستانیوں کی اس سیریز کو اتنا زیادہ پسند کرنے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے؟

انجن التان نے کہا مجھے لگتا ہے کہ پاکستانی اور ترکش عوام دونوں ہی اچھی طرح سے تیار کی گئی کہانیاں پسند کرتے ہیں۔ میزبان نے پوچھا کہ آپ نے ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار نبھایا ہے آپ کو ان کی کس خوبی نے  سب سے زیادہ متاثر کیا تھا ؟

اس سوال کے جواب میں انجن التان نے کہا مجھے ارطغرل غازی کی سوچ، ان کی زندگی کا مقصد، طاقت اور ان کے اصولوں نے بہت متاثر کیا۔ وہ قابل ستائش شخص تھے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے ٹی وی پر ارطغرل غازی کی زندگی کو پیش کیا۔

واضح رہے کہ یہ ڈراما اس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ ان کا نام ارطغرل تھا اور انہيں ارطغرل غازی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔  یہ ایک خانہ بدوش قبیلہ قائی کے سردار تھے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ 13 ویں صدی کے ترک سپہ سالار ارطغرل غازی نے نہ صرف منگولوں اور صلیبیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا بلکہ کئی کامیابیاں اور فتوحات بھی سمیٹیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں