ارشد ندیم کے پاس عالمی معیار کی جیولین نہ ہونے پر نیرج چوپڑا بھی بول پڑے

ارشد ندیم کے پاس عالمی معیار کی جیولین نہ ہونے پر نیرج چوپڑا بھی بول پڑے


پاکستان کے مایہ ناز اولمپک جیولین تھروور ارشد ندیم کے پاس عالمی معیار کی جیولین نہ ہونے کی خبر پڑوسی ملک تک بھی پہنچ گئی۔

جیولین تھرو کے عالمی اور اولمپک چیمپئن بھارت کے نیرج چوپڑا  کا کہنا ہے اُن کے لیے یہ یقین کرنا مشکل ہو رہا ہے کہ ارشد ندیم کے پاس اچھی جیولین نہیں ہے، ارشد جس پائے کے کھلاڑ ی ہیں اُنہیں یہ مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

ارشد ندیم نے پچھلے دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اُن کے پاس عالمی معیار کی ایک ہی جیولین تھی جو اب خراب ہوچکی ہے، اُن کو پیرس اولمپکس کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں تمغہ جیتنے کے لیے اُن کو عالمی معیار کی جیولین درکار ہے۔

اولمپک اور عالمی چیمپئن بھارت کے نیرج چوپڑا نے اسی حوالے سے ارشد ندیم کے حق میں بیان دیا کہ یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ارشد ندیم کو جیولین کے حصول میں مشکل کا سامنا ہے۔

نیرج کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم جس پائے کے ایتھلیٹ ہیں ان کے لیے یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت ارشد ندیم کی ضروریات کو دیکھ سکتی ہے، اُنہیں سپورٹ کرسکتی ہے۔

اولمپئن ارشد ندیم کی واحد جیولن بھی خراب ہوگئی

نیرج کا کہنا تھا کہ اُنہیں یقین ہے کہ جیولین بنانے والے ارشد ندیم کو اسپانسر کرکے خوش ہوں گے۔

بھارتی ایتھلیٹ نے کہا کہ اُن کی حکومت اُنہیں بھی سپورٹ کر رہی ہے، ارشد ندیم کو جو چاہیے اسے دینا چاہیے، یہی اُن کی درخواست ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں