اردن کے شاہ عبداللہ نے وزیراعظم عمران خان کو فون کر کے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کی۔
ترجمان وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اردن کے شاہ عبداللہ کو امن کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
عمران خان نے شاہ عبداللہ کو بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مسلہ کشمیر کا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا امن کا فروغ اور پاکستان کے غریب عوام کی خوشحالی ہے جب کہ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ نے وزیراعظم عمران خان کی اسٹیٹ مین کی سوچ پر مبارکباد دی اور پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے لیے ثالثی کی پیشکش بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے اردن کے شاہ عبداللہ کی ثالثی کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
خیال رہے کہ بھارتی ایئرفورس کے طیارے کی دراندازی پر پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کا مگ 21 طیارہ مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا تھا۔