وزیر صحت خیبر پختونخوا سید قاسم علی شاہ نے ہسپتالوں میں ادویات کی غیرموجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے بھر کے 17 اضلاع کے لیے ایمرجنسی ادویات روانہ کردیں جنہیں اسٹور کیپرز کے حوالے کردیا گیا۔
وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ صحت کے ادویات کے صوبائی ویئر ہاؤس کا دورہ کیا اور ادویات کی غیرموجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 6 مہینے سے ہسپتالوں میں ادویات موجود نہیں تھیں اور وزیراعلیٰ امین گنڈاپور کا مشکور ہوں جنہوں ترجیحی بنیادوں پر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا اور 3ارب روپے تک فنڈز ادویات کے لیے ریلیز کردیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریض ہسپتال میں ادویات کے لیے آتے ہیں ورنہ ہسپتال کس فائدے کے، نگران حکومت میں ہسپتالوں کا تاریخی بُحران رہا ہے اور سب سے بڑا اور پہلا چیلنج آج سر کررہا ہوں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ عوام یقین رکھیں کہ یہ سپلائی نہیں رکے گی، تین مہینے کے لیے فی الحال یہ ادویات بھیج رہے ہیں اور ادویات کی اگلی کھیپ بجٹ کے بعد بھیجیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادویات ضروریہ میں سینتالیس مختلف ادویات شامل ہیں اور تمام ضلعی و تحصیل ہسپتالوں سمیت بنیادی مراکز میں یہ ادویات پہنچائی جائیں گی۔
سید قاسم علی شاہ نے مزید کہا کہ صوبے کا 16 فیصد بجٹ صحت کے لیے مُختص کیا جائے گا، بجٹ کی تیاری جاری ہیں اور کوشش ہو گی کہ ادویات کی خریداری بروقت ہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور صحت اور تعلیم پر بھرپور توجہ دیے ہوئے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ تمام ادویہ ایک ہی ویئرہاؤس میں لے آئیں۔