اداکار شاز خان کے نئے روپ نے سب کو حیران کر دیا


پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار شاز خان نے فلم ساز  جامی کی فلم مور میں اداکاری دکھا کر شہرت حاصل کی تھی اور  اب انہوں نے اپنی آنے والی فلم کے لیے خوب محنت کر کے اپنے آپ کو فائٹر میں  تبدیل کر کے سب کو دنگ کر دیا ہے۔

اداکار شاز خان اپنی آنے والی فلم ’دی مارشل آرٹسٹ‘ میں ایک ایم ایم اے فائٹر کا کردار نبھائیں گے جس کے لیے وہ کیلی فورنیا میں ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔

شاز خان نے اپنی چند تصاویر سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں جس میں انہوں نے اپنے کردار کی جھلک دکھائی، اور ان تصاویر میں وہ ایک فائٹر دکھائی دے رہے ہیں۔

اداکار اس فلم میں اپنے کردار کے لیے کیلی فورنیا میں معروف کوچ ایم ایم اے چیمپئن رافائل کورڈیرو کی سربراہی میں مارشل آرٹس کی ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔

فوٹو: بشکریہ اداکار شاز خان انسٹاگرام

’دی مارشل آرٹسٹ‘ فلم کا اسکرپٹ اداکار شاز خان نے خود ہی لکھا ہے اور اس فلم کی کہانی ایک مارشل آرٹسٹ پر مبنی ہے جو کہ کیلی فورنیا سے لڑتا ہے اور اچانک اسے پاکستان آنا پڑتا ہے۔

اداکار نے فلم کے اسکرپٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس میں انہوں نے فلم کا اسکرپٹ مکمل ہونے کے بارے میں بتایا تھا۔

شاز خان وقفے وقفے سے اس فلم کے حوالے سے اپنی ٹریننگ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ شئیر کر رہے ہیں مگر فلم کی مزید تفصیلات کے حوالے سے انہوں نے فی الحال کچھ نہیں بتایا۔

‘دی مارشل آرٹسٹ‘ فلم کی ریلیز کے حوالے سے بھی ابھی کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار شاز خان پاکستانی فلم ’دوبارہ پھر سے‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ جیسی فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں، فلموں کے علاوہ شاز خان متعدد ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کر چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں