متعدد ڈارموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف اداکار جنید خان اپنی پہلی فلم میں ’کہے دل جدھر‘ میں اداکارہ منشا پاشا کے ساتھ نظر آئیں گے۔
جنید خان اور منشا پاشا فلم ’کہے دل جدھر‘ میں مرکزی کردار کی حیثیت سے جلوہ گر ہوں گے۔
فلم کے ہدایت کار جلال رومی نے سوشل میڈیا پر فلم ’کہے دل جدھر‘ کا پوسٹر جاری کیا تھا جب کہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اور اداکارہ نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی نئی آنے والی فلم کے پوسٹرز مداحوں سے شیئر کیے تھے۔
فلم ’کہے دل جدھر ‘ ایک رومانوی اور ایکشن کہانی کا ملاپ ہوگا۔
اداکار جنید خان پہلی بار سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے، انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مجھے بے شمار فلموں کی آفرز تھیں لیکن ان میں سے ایک بھی فلم میرے دل کو نہیں چھوئی۔
جنید خان نے مزید کہا کہ اس سال میں نے بے شمار فلموں کے اسکرپٹس کو دیکھا جس کے بعد میں نے اس فلم کو چُناکیونکہ یہ فلم میری توقعات سے ملتی جلتی ہے جب کہ فلم کی ٹیم بھی بہترین ہے۔
فلم ’کہے دل جدھر‘ کے حوالے سے اداکار نے مزید کہا کہ یہ کمرشل فلم ایک اچھے اور مضبوط پیغام کے ساتھ ہے اور مجھے امید ہے کے اس کا لوگوں پر ویسا ہی اثر پڑے گا جو ہم نے سوچا ہے۔
اداکار نے اپنی پہلی فلم کے کردار کے بارے میں بتایا کہ وہ اس فلم میں ایک پولیس افسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔
دوسری جانب فلم میں جنید خان کے ساتھ لال کبوتر فلم کی اداکارہ منشا پاشا ہوں گی اور اس حوالے سے جنید نے کہا کہ میں اور منشا ڈرامہ ایک ساتھ کام کر چکے ہیں اور وہ ایک بہترین اداکارہ ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر کامران باری ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں معروف اداکار ساجد حسن بھی شامل ہوں گے۔
فلم ’کہے دل جدھر‘ کی ریلیز کے حوالے سے ابھی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا جبکہ فلم آئندہ سال سینما گھروں کی زینت بنے گی۔