کراچی: مایہ نازاداکارنعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ اداکاری کے باوجود شادی کے لیے سسرال کی شرط پرنوکری کرنی پڑی۔
اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کودیئے گئے انٹرویو میں نعمان اعجازنے کہا کہ انہیں سسرال والوں کومنانے میں بہت مشکلات لگیں، اسے ہمارا المیہ ہی کہا جائے کہ لوگ ایک اداکارسے ہاتھ ملانے اورساتھ کھانا کھانے میں تو بہت فخرکرتے ہیں لیکن انہیں رشتے داری کے لیے بہت مشکل سے قبول کیا جاتا ہے، لوگ سوچتے ہیں کہ لڑکا اداکارہے لیکن کرتا کیا ہے۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ لوگ اداکاری کو ایک پیشے کے طورپرنہیں مانتے، شادی کے لئے مجھے نوکری تک تلاش کرنی پڑی کیونکہ سسرال والوں کی شرط تھی کہ جب تک کوئی نوکری یا کام نہیں کروگے شادی نہیں ہوگی۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ نوکری بھی میں اس وقت ڈھونڈ رہا تھا جب دشت کے نام سے سیریل بہت کامیاب ہوا تھا۔ لوگ مجھے پہچانتے تھے اورمیں سوٹ پہن کران سے نوکری مانگ رہا تھا۔ لوگ نوکری کے حوالے سے باتیں چھوڑکرمجھ سے اپنے بچوں کے لیے آٹوگراف مانگتے اورکہتے کہ آپ تو سپراسٹارہیں آپ کو نوکری کی کیا ضرورت ہے؟