اداکارہ کبریٰ خان نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کی تردید کردی


 کراچی: اداکارہ کبریٰ خان نے شوبز چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال کچھ برس تک انڈسٹری نہیں چھوڑ رہی اگر مجھے یہ محسوس ہوا کہ میں اپنی سوچ کے مطابق کام نہیں کر پا رہی تو میں اپنا راستہ بدل لوں گی۔

گلیکسی لالی ووڈ نامی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کبریٰ خان نے کہا کہ حال ہی میں جاری کردہ انٹرویو میں میری باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، میں آج بھی اپنے فن سے محبت کرتی ہوں اور میں نے جو کام آج تک کیا ہے اس سے مطمئن ہوں اور خدا نخواستہ اگر میں نہیں کر پاتی تو میں یہ انڈسٹری چھوڑ دوں گی۔

کبریٰ خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی خبروں کی واضح الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال کچھ سال تک یہ انڈسٹری نہیں چھوڑ رہی ہاں اگر مجھے یہ محسوس ہوا کہ میں اپنی سوچ کے مطابق کام نہیں کر پا رہی تو میں اپنا راستہ بدل لوں گی۔

مشہور ڈرامہ ’الف‘ کی اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں کوئی مذہبی اسکالر نہیں ہوں بلکہ میں تو ایسی شخص کی مانند ہوں جسے زندگی گزارنے کے درست طریقے کی تلاش ہے اور میں پوری زندگی یہ کوشش جاری رکھوں گی، میں چاہتی ہوں کہ اس راہ پر چلوں جہاں اللہ مجھ سے راضی ہو اور اس راستے سے گریز کروں جہاں اللہ پاک کی ناراضی کا سامنا ہو۔

واضح رہے کہ کبریٰ خان نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کئی راز افشا کیے تھے اور کہا کہ تھا کہ میں آج 50 ایوارڈز حاصل کرسکتی ہوں لیکن ان ایوارڈز کی خدا کے سامنے کوئی اہمیت نہیں اور شاید اسی سوچ کی وجہ سے مجھے احساس ہوا کہ بستر مرگ پر میں اپنے رب کے سامنے جاتے ہوئے خوف زدہ  نہیں ہونا چاہتی۔


اپنا تبصرہ لکھیں