اداکارہ نایا ریویرا جھیل میں سیر کرنے کے دوران لاپتا، ہلاکت کا خدشہ


ہالی وڈ کی 33 سالہ معروف اداکارہ نایا ریویرا جھیل میں سیر کرنے کے دوران لاپتا ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ 8 جولائی کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے مقامی نشریاتی اداروں اور ریسکیو حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ نے جھیل کی سیر کرنے کے لیے کرائے پر بوٹ حاصل کی تھی اور وہ بیٹے سمیت جھیل کی سیر کو نکلی تھیں۔

واضح رہے حکام نے بتایا کہ اداکارہ کی بوٹ کے پاس سے ایک اور بوٹ گزری، جس نے بوٹ پر تنہا بچے کی موجودگی کی اطلاع دی اور جس پر ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

ید رہے کہ اداکارہ کے بچے نے ریسکیو حکام کو بتایا کہ ان کی والدہ جھیل میں نہانے کے لیے اتری تھیں، تاہم جھیل میں اترنے کے بعد وہ واپس نہیں آئیں۔

دوسری جانب حکام نے تصدیق کی کہ کرائے پر حاصل کی گئی بوٹ پر اداکارہ کو دیا گیا لائف سیونگ جیکٹ بھی ملا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جیکٹ کے بغیر پانی میں اتریں یا حادثاتی طور پر گر گئیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ کو لاپتا ہوئے 24 گھنٹے کا وقت گزر چکا ہے اور انہیں 9 جولائی کی دوپہر تک نہیں تلاش کیا گیا۔

نایا ریویرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، تاہم انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔

اداکارہ نے مجموعی طور پر 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تھا۔

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کو 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اداکارہ کو گہرے پانی میں بھی تلاش نہیں کیا جا سکا، جس کی وجہ سے اندازا ہوتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر ہلاک ہوچکی ہوں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے

واضح رہے کہ ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اداکارہ ممکنہ طور پر ہلاک ہوچکی ہوں گی۔

 


اپنا تبصرہ لکھیں