پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی نے انکشاف کیا کہ سال 2016ء اور 2017ء کے دوران ایک وقت ایسا آیا کہ کوئی بھی اداکارہ میرے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار نہیں تھی۔
آغا علی نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے شو’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر بہت دلچسپ گفتگو کی۔
شو کے دوران میزبان تابش ہاشمی نے اپنے دلچسپ انداز میں آغا علی سے یہ سوال کیا کہ’ ایک وقت تھا کہ اداکاراؤں کے شوہر یا منگیتر اُنہیں آپ کے ساتھ کام کرنے منع کر دیتے تھے، آپ کی اتنی بری امیج کیوں تھی؟
آغا علی یہ سوال سن کر ہنسے اور جواب میں بتایا کہ یہ سال 2016ء اور 2017ء کی بات ہے اس وقت میں جو بھی ڈرامہ سائن کرتا تھا، مجھے پروڈیوسرز کال کر کے پوچھتے تھے کہ آپ کا ہیروئن کے ساتھ یا اس کے منگیتر کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے تو میں اُنہیں یہ جواب دیتا تھا کہ میں اس اداکارہ سے پہلے کبھی ملا ہوں اور نہ ان کے منگیتر کو جانتا ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرا جواب سن کر پروڈیوسرز بتاتے تھے کہ تو پھر اداکارہ کا منگیتر اسے آپ کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہی نہیں دے رہا، یہ سن کر میں نے وجہ پوچھی تو پروڈیوسرز کا جواب ہوتا تھا کہ لڑکا تم سے ڈر رہا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران میں ہمایوں سعید کے پروڈوکشن ہاؤس کے ساتھ بھی میں کام کرنے والا تھا، اُنہوں نے بھی کال کی اور مجھ سے پوچھا کہ بھئی تم ایسا کیا کرتے ہو کہ اداکاراؤں کے منگیتروں اور شوہروں کو تم سے ڈر لگتا ہے۔
آغا علی نے کہا کہ میری ایسی امیج کی کوئی خاص وجہ سامنے نہیں آئی لیکن مجھے لگتا ہے کہ کئی بار لوگ اداکار کو اس کے ڈراموں کے کرداروں کی وجہ سے بھی غلط سمجھنے لگتے ہیں کہ یہ شاید خود بھی ایسے ہی کردار کا مالک ہے تبھی ایسےمنفی کردار ادا کرتا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں جب انڈسٹری میں آیا تھا تو لوگوں سے بہت زیادہ ملتا جلتا بھی نہیں تھا اور لوگ مجھے ذاتی طور پر جانتے نہیں تھے تو شاید اسی لیے مجھ سے ڈرتے تھے مگر اب ایسا کچھ نہیں ہے سب ٹھیک ہے۔